آر ٹی سی انتظامیہ کی لاپرواہی سے عوام برہم

مکتھل۔ 2 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر تا حیدرآباد لیکژری نان اسٹاپ بس سرویس آج صبح 9:30 بجے آر ٹی سی بس اسٹیشن محبوب نگر سے حیدرآباد کیلئے روانہ ہوئی تاہم کتور بائی پاس کے آگے شاد نگر تعلقہ کے تماپور پر اچانک ایک زبردست آواز کے ساتھ بس سرویس کے دائیں جانب کا پچھلا ٹائر پھٹ پڑا جس کے ساتھ ہی مسافرین میں سراسمیگی پھیل گئی اور تمام مسافرین تیزی کے ساتھ نیچے اُتر گئے۔ اگرچہ اس حادثہ میں تمام مسافرین محفوظ رہے اور بس ڈرائیور نے شاد نگر اور کرنول ڈپو سے تعلق رکھنے والی آر ٹی سی کی دوسری بسوں سے مسافرین کو منتقل کردیا مگر مسافرین جن میں تنہا سفر کرنے والی خواتین بھی شامل تھیں۔ محبوب نگر آر ٹی سی انتظامیہ پر سخت برہم اور ناراض نظر آرہی تھیں۔ محبوب نگر ڈپو کی یہ لکژری بس سرویس AP 29Z1096 جس کا پچھلا ٹائر بالکل ناکارہ ہوچکا ہے۔ ضلع مستقر پر شہر کے لئے اس طرح ناکارہ بس سرویس کو نان اسٹاپ بناکر روانہ کرنے میں محبوب نگر آر ٹی سی انتظامیہ کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے مسافرین نے بسوں کی اس طرح خستہ ہالی اور غیرمحفوظ سفر پر گہری فکر اور تشویش ظاہر کی اور کہا کہ آر ٹی سی انتظامیہ محبوب نگر سفر کو محفوظ بنانے میں لاپرواہ و تساہل سے کام لے رہا ہے جبکہ مسافرین میں چھوٹے بچے اور دل کے مریض بھی شامل رہتے ہیں۔ اس طرح اچانک سفر کے دوران زبردست آواز جو ایک دھماکہ سے کم نہیں ہوتی، ان مریض متاثرین پر کیا گذرے گی۔ اس بس مسافرین میں نامہ نگار سیاست مکتھل بھی شامل تھے جنہوں نے آر ٹی سی ضلع انتظامیہ سے ربط پیدا کرتے ہوئے بسوں کی اس ناقص حالت کی طرف توجہ دلائی تاہم صحیح جواب نہیں ملا۔ شہریان ضلع محبوب نگر نے زونل مینیجر آر ٹی سی بس ضلع محبوب نگر و دیگر ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ فوری اس حساس مسئلہ کی طرف توجہ کرتے ہوئے مسافرین کے سفر کو محفوظ اور اطمینان بخش بنائیں جبکہ شہریان محبوب نگر پچھلے پالیم اور دیگر حادثہ کو جن میں مسافرین کیساتھ بس شعلہ پوش ہوگئی تھی، ابھی فراموش نہیں کیا۔