آر سی بی کی مسلسل چھٹویں شکست ، دہلی 4 وکٹس سے فاتح

آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلس کے بعد مسلسل 6 میچ ہارنے کا ریکارڈ کوہلی ٹیم کے نام درج

بنگلور۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل 2019ء کے 20 ویں میچ میں رائل چیلنجرس بنگلور کی جانب سے دیئے گئے 150 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دہلی نے پہلے وکٹ آسانی سے گرنے کے باوجود تیزی سے رنز بنائے۔ اننگز کی دوسری ہی گیند پر شکھر دھون کو کھو دینے کے بعد دہلی نے تیزی سے رنز بنائے۔ سلامی بیٹسمین پرتھوی اور کپتان شریاس ایّر نے جوابی حملہ کرتے ہوئے آر سی بی کے بولروں کی جم کر دھلائی کی۔ پرتھوی نے اننگز کے تیسرے اوور میں ٹم ساؤتھی کی گیندوں پر لگاتار چار چوکے لگائے۔ دونوں نے ٹیم کو کوئی اور نقصان ہونے نہیں دیا اور پاور پلے کے 6 اوورس میں انہوں نے ٹیم کا اسکور 50 کے ہندسے کو عبور کرلیا۔ قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آر سی بی کی ٹیم کوئی بڑا اسکور کھڑا کرنے میں ناکام رہی۔ دہلی کیپٹلس کے تیز گیندباز کگیسو رباڈا ن 21 رنز دے کر 4 وکٹس حاصل کئے اور آر سی بی کی اننگز کو زیادہ دور تک جانے سے روک دیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے کپتان ویراٹ کوہلی نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ معین علی نے 32 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی آر سی بی کی ٹیم نے 8 چوکے اور 7 چھکے لگائے گئے۔ دہلی کیلئے رباڈا کے 4 وکٹوں کے علاوہ کرس ماؤرس نے 2 اور اکثر پٹیل اور سندیپ نے ایک ایک وکٹ حاصل کئے۔ دونوں ٹیموں نے اس مقابلے کیلئے پلینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔ ٹاس سے پہلے کوہلی نے آر سی بی کے ’’گرین انیشیوٹیو‘‘ کے تحت دہلی کے کپتان شریاس ایّر کو ایک پودا اور گرین شرٹ تحفہ میں دی۔ واضح رہے کہ رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم پہلے ہی مسلسل پانچ میچ ہار چکی ہے۔ واضح رہے کہ آر سی بی کی شکست کے بعد کوہلی نے آئی پی ایل میں ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ وہ ایک ٹیم کے خلاف 800 رنز بنانے والے سریش رائنا کے بعد دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ۔ یہ میچ کئی معاملے میں خاص ہے، اگراس میچ میں میزبان کوشکست ہونے کے بعد وہ سیزن کے ابتدائی 6 میچ گنوانے والی آئی پی ایل کی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے پہلے 2013 میں دہلی ڈیئرڈیولس نے مسلسل 6 میچ ہارنے کا ریکارڈ بنایا تھا جبکہ یہاں سے کوہلی کی ٹیم کے پاس ٹورنامنٹ میں واپسی کرنا ناممکن ہوسکتا ہے۔