نئی دہلی ۔7جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کی برسراقتدار جنتادل (یو) اور لالوپرساد کی آر جے ڈی ریاستی اسمبلی انتخابات میں متحدہ طور پر مقابلہ کریں گی ۔ ایک چھ رکنی کمیٹی قائم کی جائے گی تاکہ نشستوں کی تقسیم پر بات چیت ہوسکے ۔ آج اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ آر جے ڈی اور جے ڈی یو( یو) بہار انتخابات میں اتحادکریں۔ سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے کہا کہ دو گھنٹہ طویل اجلاس کے بعد جس میں چیف منسٹر نتیش کمار ‘ آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد نے شرکت کی تھی ‘ یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو اور رام گوپال یادو نے کہا کہ چھ رکنی کمیٹی نشستوں میں شراکت داری پر تبادلہ خیال کرے گی تاہم انہوں نے کمیٹی کے ارکان کے نام ظاہر کرنے سے انکار کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیاں اپنے تین رکن کمیٹی کیلئے نامزد کریں گی ۔ اس سوال پر کہ چیف منسٹری کا حساس مسئلہ کیسے حل کیا گیا ہے ‘
جنرل سکریٹری ایس پی نے کہا کہ اس بارے میں کوئی تنازعہ نہیں ہے ‘ ان تمام مسائل کو بعد میں حل کرلیا جائے گا۔ قائدین میں کئی ہفتوں میں صف آرائی کے بعد نتیش کمار اور لالو پرساد نے آج ملائم سنگھ یادو کی قیامگاہ پر ملاقات کی تاکہ اتحاد کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرلیا جائے تاکہ بی جے پی سیاسی اعتبار سے حساس سیاست میں برسراقتدار نہ آسکے ۔ جے ڈی یو کے صدر شرد یادو بھی اس ملاقات میں موجود تھے ۔ ملاقات کے بعد جو کئی ہفتوں میں لالو اور نتیش کی اولین ملاقات تھی‘ جن کے دوران دونوں قائدین اپنے اختلافات چیف منسٹری کے مسئلہ پر دور کرنے سے قاصر رہے تھے آج کی ملاقات سے مثبت اشارے حاصل ہوئے ہیں ۔ جے ڈی یو کا اصرار تھا کہ نتیش کمار کو چیف منسٹری کا امیدوار ظاہر کیا جائے جب کہ آر جے ڈی کا مطالبہ تھا کہ لالو یادو کوامیدوار ظاہر کیا جائے ۔