آر جے ڈی ایم ایل ایز پر بہار اسپیکر کا فیصلہ برقرار ، لالو چراغ پا

پٹنہ ۔ 26 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی کے 13 ایم ایل ایز کو علحدہ گروپ کے طورپر تسلیم کرنے سے پیدا شدہ سیاسی طوفان کے درمیان بہار کے اسپیکر اودے نارائن چودھری نے آج اس فیصلے کی مدافعت کی اور اپنے مکان پر اپوزیشن پارٹی کی طرف سے سنگباری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے اعلیٰ دستوری عہدہ پر فائز دلت کی تذلیل سے تعبیر کیا ۔ اسپیکر کے موقف کے ساتھ ہی آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے اُن پر تنقید میں شدت پیدا کردی اور الزام عائد کیا کہ انھوں نے جاپان کو دورہ میں ایک کٹر نکسلی مراری یادو کو سرکاری خرچ پر اپنے مددگار کی حیثیت سے شامل کیا تھا ۔ لالو نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چودھری اپنے پارٹی ایم پی کے قتل کیس میں ملوث ہیں۔