حیدرآباد /23 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) حیات نگر پولیس نے ایک آر ایم پی ڈاکٹر کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ جس کے علاج اور ادویات کے سبب ایک شخص کی مشتبہ موت ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 46 سالہ چندر شیکھر جو کوئیڈا علاقہ حیات نگر کا ساکن تھا ۔ گذشتہ روز صحت خراب ہونے کے سبب مقامی آر ایم پی سے رجوع ہوا جہاں طبی جانچ کرنے کے بعد انجکشن دیا گیا اور ادویات کے استعمال کا مشورہ دیا جس کے بعد چندر شیکھر اپنے مکان واپس آگیا تاہم اس کی صحت مزید خراب ہوگئی ۔ جس کو دیکھتے ہوئے اس کے افراد خاندان نے اس شخص کو ایک دوسرے دواخانے منتقل کیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگیا ۔ مقامی افراد اور متوفی کے رشتہ داروں کے الزامات کو دیکھتے ہوئے پولیس نے آر ایم پی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔