آر ایس ایس گوا یونٹ کے صدر برطرف

بی جے پی کی شکست کی پیش قیاسی پر کارروائی
پناجی ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : آر ایس ایس نے آج گوا کے تنظیمی صدر سبھاش ویلنگکر کو برطرف کردیا ہے ۔ جنہوں نے ریاست میں برسر اقتدار بی جے پی کے خلاف عوامی مورچہ کھول دیا ہے حتی کہ تنظیم کے کارکنوں نے حال ہی میں پارٹی سربراہ امیت شاہ کے خلاف سیاہ پرچموں کے ساتھ مظاہرہ کیا تھا ۔ آر ایس ایس کے آل انڈیا پرچار پرمکھ منموہن ویدیہ نے بتایا کہ وہ (سبھاش ) سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے خواہش مند ہیں ۔ چونکہ آر ایس ایس لیڈر کی حیثیت سے وہ ایسا نہیں کرسکتے ۔ جس کے باعث انہیں ذمہ داری سے سبکدوش کردیا گیا ۔ ویدیہ نے بتایا کہ ساحلی ریاست کے لیے نئے تنظیمی سربراہ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے جہاں پر آئندہ سال اسمبلی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سبھاش کا یہ منصوبہ ہے کہ ریاست میں حکمران بی جے پی کے خلاف مقابلہ کرنے کے لیے ایک نئی سیاسی جماعت تشکیل دی جائے اور یہ بات آر ایس ایس کے لیے ہضم نہیں ہورہی ہے کیوں کہ یہ تنظیم حکمران بی جے پی کی نظریاتی رہنمائی کرتی ہے ۔ سبھاش نے جاریہ ہفتہ یہ بیان دیتے ہوئے تنازعہ میں پھنس گئے تھے کہ گوا میں آئندہ سال کے انتخابات ، میں بی جے پی اقتدار سے بیدخل ہوسکتی ہے ۔ کیوں کہ بی جے پی نے یہ وعدہ خلافی کی ہے کہ تمام اسکولوں میں علاقائی زبان کو ذریعہ تعلیم بنایا جائے گا ۔ جس کے باعث وہ عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ہے ۔ علاوہ ازیں مسٹر سبھاش ریاست میں بھارتیہ بھاشا سرکھشا منچ کی قیادت کررہے ہیں جو کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت کی جانب سے انگریزی میڈیم اسکولوں کو گرانٹ منظور کئے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کررہی ہے اور اس سلسلہ میں 20 اگست کو بھی امیت شاہ کے دورہ کے خلاف سیاہ پرچموں کے ساتھ احتجاج کیا گیا تھا ۔۔