آر ایس ایس کے ریمارک پر بی جے پی کو تشویش

وضاحت کے لیے ہندوتوا تنظیم کو فوری رضا مند کرالیا گیا

تحفظات کے بارے میں ویدیا کے ریمارکس سے آر ایس ایس لاتعلق
نئی دہلی ۔ 21۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پسماندہ طبقات کو تحفظات کے بارے میں قائدین کے تبصروں پر مختلف گوشوں سے تنقیدوں کا شکار آر ایس ایس نے خود کو لاتعلق کرلیا ہے ۔ آر ایس ایس نے ایک بیان میں کہا کہ ایم جی ویدیا نے کوٹہ سسٹم پر نظر ثانی کی تائید کے بارے میں جو بیان دیا ان کی شخصی رائے تھی اور آر ایس ایس اس سے اتفاق نہیں کرتی ۔ آر ایس ایس نے کہا کہ پسماندہ طبقات کے لیے موجودہ نظام جاری رہنا چاہئے ۔ منموہن ویدیا نے کل یہ کہتے ہوئے ایک تنازعات کھڑا کردیا تھا کہ تحفظات کی پالیسی پر نظر ثانی کی جانی چاہئے کیوں کہ دستور کے معمار بی آر امبیڈکر نے بھی تحفظات کو برقرار رکھنے کی تائید نہیں کی تھی ۔ ویدیا کے والد اور سنگھ پریوار کے سینئیر لیڈر ایم جی ویدیا نے بھی اسی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض زمروں کو تحفظات پر نظر ثانی کی جانی چاہئے ۔ آر ایس ایس نے ان ریمارکس سے خود کو لاتعلق قرار دیا ۔۔

نئی دہلی ۔ 21۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : آر ایس ایس کے سینئیر لیڈرس کے تحفظات کے لیے بارے میں ریمارکس نے بی جے پی کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے کیوں کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات قریب ہیں اور پارٹی قائدین نے ان تبصروں کو ’’ بے وقت ‘‘ قرار دیا ۔ آر ایس ایس ترجمان منموہن ویدیا کے تبصرے کے فوری بعد بی جے پی قائدین متحرک ہوگئے اور خبردار کیا کہ اس طرح کا بیان منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے پارٹی قائدین نے ہندوتوا تنظیم کو فوری وضاحت جاری کرنے کے لیے رضا مند کرنے میں بھی اہم رول ادا کیا ۔ تحفظات پر نظر ثانی کے بارے میں ویدیا کے ریمارک کے فوری بعد جو تنازعہ کھڑا ہوگیا اس نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے تبصرے کی یاد دلادی ۔ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران بھاگوت نے بھی تحفظات کے بارے میں ریمارک کیا تھا جس کی وجہ سے زعفرانی جماعت کو شکست اٹھانی پڑی ۔ اپوزیشن جماعتوں بشمول کانگریس ، سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج وادی پارٹی نے شدید تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کو ’’ مخالف تحفظات ‘‘ قرار دیا ۔اپوزیشن نے حکمراں بی جے پی جماعت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔