آر ایس ایس کی تنگ نظر اور انتہا پسند دُھن پر رقص کا بی جے پی پر الزام

مرا دآباد 14اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخابات کو دو مکمل طور پر مختلف نظریات کے درمیان جنگ قرار دیتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی آر ایس ایس کی تنگ نظر اور انتہاء پسند دھن پر ناچ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کے افکار کا مقصد سماج کو منتشر کرنا ہے ۔ مسلمانوں کو ترغیب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک علحدہ وزارت قائم کرتے ہوئے ،’’تاریخی ‘‘اقدامات کئے ہیں اور قومی وقف ترقیاتی کارپوریشن قائم کیا ہے جبکہ اس طبقہ کی خواتین کو با اختیار بنانے پر خصوصی زور دیا گیا ہے صدر کانگریس نے کہا کہ ایک طرف تو کانگریس ہیں جس کی قیادت اب تک مہاتما گاندھی، مولانا آزاد اور دیگر ایسی ہی عظیم شخصیات نے کی ہے انہوں نے قربانیاں دی ہے جو عوام کے سامنے ہے انہوں نے کہا کہ کوئی دوسرا نظریہ ایسا نہیں ہے جو کسی ایک تنظیم کے متعصبانہ اور انتہا پسند نظریات کی دھن پر رقص کرتا ہواور جس کا مقصد سماج میں انتشار پیدا کرنے والے نظریات کی اشاعت کرنا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسی تنظیم ہے جو روایات اور اقدار توڑ دیتی ہے جن کا ہم نے صدیوں سے تحفظ کیا ہے ۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ان لوگوں سے عوام قطعی گمراہ نہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں شرمناک شکست دیں گے ۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کا نام لئے بغیر سونیا گاندھی نے کہا کہ یہ تنظیمیں تنگ نظر نظریات اتحاد کے نام پر ملک پر مسلط کررہی ہے ۔ صدر کانگریس نے کہا کہ صرف ان کی پارٹی ہی مستحکم اور طاقتور حکومت فراہم کرنے کے قابل ہے اور ملک کو بھی ایسی ہی حکومت کی ضرورت ہے۔کانگریس کی صدر نے کہا کہ بی جے پی کا نظریہ ملک اور عوام کیلئے نقصاندہ ثابت ہوگا ۔ سماجوادری پارٹی زیر قیادت ریاست اتر پردیش کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز نے ریاست کو برقی توانائی کی سربراہی میں اضافہ کرنے کیلئے افراط سے رقومات فراہم کی تھیںلیکن ریاستی حکومت ان دستیاب فنڈس کا ریاست کیلئے برقی توانائی کی سربراہی میں اضافہ کرنے کیلئے استعمال کرنے سے قاصر رہی۔ یہ حکومت دیہاتوں کو بھی برقی توانائی سربراہ نہیں کرسکی ۔ صدر کانگریس نے کہا کہ وہ پارٹی کے انتخابی منشور سے اقتباسات پیش کررہی ہیںاور تیقن دیتی ہیں کہ عوام کو مفت حفظان صحت فراہم کی جائے گی اور نوجوانوں کو مختلف فنون کی تربیت دی جائے گی تا کہ وہ بآسانی روزگار حاصل کرسکیں ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی حلقہ مراد آباد کیلئے کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کررہی تھی۔