آر ایس ایس سربراہ سے صدر بی جے پی کی ملاقات

ناگپور ، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سے سنگھ کے ہیڈ کوارٹرس پر ملاقات کی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ انہوں نے نریندر مودی حکومت کی ایک سال کی تکمیل پر تنظیمی امور سے واقف کروایا ۔ امیت شاہ بی جے پی کے دوسرے سینئر لیڈر ہیں جنہوں نے جاریہ ہفتے کے اوائل وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے بعد موہن بھاگوت سے ملاقات کی ۔ اگرچیکہ اس ملاقات پر بی جے پی یا آر ایس ایس کی جانب سے کوئی سرکاری بیان نہیں دیا گیا لیکن راجناتھ سنگھ کی جانب سے آر ایس ایس ہیڈکوارٹرس کے دورہ پر یہ قیاس آرائیاں ہورہی تھیں کہ امیت شاہ کے طریقہ کار اور من مانے پالیسی ساز فیصلوں پر سنگھ پریوار نے بعض تحفظات کا اظہار کیا ہے، جو کہ مودی کے بااعتماد رفیق ہیں ۔ امیت شاہ نے بھاگوت اور دیگر آر ایس ایس لیڈروں سے تقریباً دیڑھ گھنٹے تک بات چیت کی لیکن انہوں نے میڈیا کو ملاقات کا خلاصہ بتانے سے انکار کردیا ۔ تاہم آر ایس ایس کے ذرائع نے بتایا کہ امیت شاہ نے سنگھ کے قائدین کو نریندر مودی کے ایک سالہ دور ِحکومت میں کامیابیوں اور ناکامیوں سے واقف کروایا ہے۔ علاوہ ازیں تنظیمی امور بشمول بی جے پی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدوں کا مقابلہ کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس طرح برسراقتدار پارٹی اور اہم وزیر کی سنگھ قیادت کو وقفے وقفے سے آگاہی سے یہ تو ظاہر ہوہی جاتا ہے کہ مودی حکومت کیلئے سنگھ کو اعتماد میں رکھنا ضروری ہے۔