مودی دھرتراشٹر کی طرح بصارت ‘ سماعت و گویائی سے محروم وزیراعظم ۔ لالو یادو کا طنز
حاجی پور 5 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) تحفظات کے مسئلہ پر بی جے پی اور آر ایس ایس پر تنقید کرتے ہوئے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے آج آر ایس ایس بانی ایم ایس گوالکر کی ایک کتاب کا تذکرہ کیااور یہ الزام عائد کیا کہ سنگھ پریوار ابتداء سے تحفظات کے خلاف رہاہے ۔ ضلع ویشالی میں سیوا حلقہ اسمبلی سے اپنے فرزند تیج پرکاش یادو کی پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے لالو یادو نے گوالکر کی تصنیف ’مجموعہ افکار‘کو پیش کیا جس میں کہا گیا کہ معاشی بنیادوں پر تحفظات فراہم کیا جانا چاہئے اور موجودہ آر ایس ایس کی قیادت گوالکر نظریات پر عمل پیرا ہے ۔ میوا میں گاندھی میدان پر ریالی میں لالو یادو کے فرزند تیجسونی یادو نے بھی شرکت کی جو حلقہ راگھوپور سے مقابلہ کررہے ہیں ۔ آر جے ڈی سربراہ نے داردی واقعہ پر وزیراعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انھیں مہابھارت کے کردار ’’دھرتراشٹر‘‘ سے تعبیر کیا جوکہ کسی تنازعہ پر بولنے کی ضرورت پڑنے پر خاموشی اختیار کرلیتے تھے ۔ مسلم شخص کے قتل پر وزیراعظم کی خاموشی پر لالو یادو نے اپنے انداز میں کہا ’یہ دھریتراشٹر( مودی ) اندر سے ڈرپوک ہیں ۔ دکھاوا کا چلاتا ہے ، جب بولنے کی ضرورت ہوتی ہے تو خاموشی اختیار کرتے ہوئے چپ سادھ لیتا ہے ۔ ہستناپور میں بیٹھا کل یگی دھتراشٹرنہ صرف اندھا ہے بلکہ گونگا اور بہرہ بھی ہے اور دریودھن کو سماج توڑنے کھلی چھوٹ ہے ۔