آر ایس ایس، تعلیمی اور عدالتی نظام کی تباہی کے درپے

مودی حکومت مخالفین سے بات چیت کرنے سے خوفزدہ، ہندو دشمنی کا الزام بے معنی : راہول

پونے ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اداکار گجیندر چوہان کا کلیدی سرکاری ادارہ برائے فلم و ٹیلی ویژن (ایف آئی ٹی آئی) کے چیرمین کی حیثیت سے تقرر دراصل تعلیمی، سرکاری دفاتر اور عدالتی نظام کو پامال کرنے آر ایس ایس کی وسیع تر اسکیم کا حصہ ہے۔ چوہان کی برطرفی کے لئے ہڑتال کرنے والے اس ادارہ کے طلبہ سے اظہاریگانگت کیلئے انہوں نے کیمپس کا دورہ کیا۔ راہول نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ آر ایس ایس اور اس کی نظریات کی حامی تنظیمیں کئی کلیدی اداروں کی اہمیت گھٹا رہے ہیں اور اس غلطی پر تنقید کرنے والوں کو ملک دشمن اور ہندو دشمن قرار دے رہے ہیں۔

راہول گاندھی نے کہا کہ ’’آر ایس ایس اور اس کے نظریات کی حامی تنظیمیں سرکاری عہدوں پر نااہل افراد کو فروغ دے رہی ہے۔ یہ عناصر اعلیٰ تعلیمی اداروں کی اہمیت گھٹانے کے درپے ہیں۔ ایسا صرف تعلیمی اداروں میں ہی نہیں ہورہا ہے بلکہ اعلیٰ سرکاری دفاتر اور عدلیہ میں بھی ہورہا ہے‘‘۔ راہول نے کہا کہ ’’آر ایس ایس اپنے نظریات کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ وہ آپ کو ملک دشمن اور ہندوؤں کے دشمن کہیں گے۔ وہ آپ سے ڈرتے ہیں۔ یہی ان (آر ایس ایس) کی لڑائی کا انداز و فطرت ہے‘‘۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ’’وہ (حکومت) آپ سے بحث یا تبادلہ خیال کرنا نہیں چاہتی اور اگر کوئی بات اس (حکومت) کے نظریات سے ہم آہنگ نہیں ہوتی تو وہ آپ کو ہی ملک دشمن کہہ دیں گے‘‘۔