آرچر ورلڈ کپ کی انگلش ٹیم میں شامل

لندن۔22 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے اپنی 15رکنی حتمی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے جوفرا آرچر کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا جبکہ ڈیوڈ ولی کا ورلڈ کپ کھیلنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ کیربیئن جزائر سے تعلق رکھنے والے جوفرا آرچر 90میل فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے مسلسل بولنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور انگلینڈ کے قوانین میں تبدیلی کی بدولت وہ انگلش ٹیم کے لیے کھیلنے میں کامیاب رہے۔پہلے کسی بھی بیرونی کھلاڑی کو انگلینڈ کی شہریت اختیار کرنے کے 7سال بعد ٹیم میں شمولیت کی اجازت تھی تاہم اب انگلش کرکٹ کے قانون میں تبدیلی کی بدولت وہ تین سال بعد ٹیم میں منتخب ہو گئے۔ بارباڈوس کے سابق شہری 24سالہ فاسٹ بولر انگلینڈ کے ورلڈ کپ کے ابتدائی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے لیکن پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان منعقدہ سیریز میں متاثر کن کھیل کی بدولت وہ ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ انگلینڈ نے ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی طور پر اعلان کردہ اسکواڈ سے ڈیوڈ ولی اور جو ڈینلی کو خارج کردیا جبکہ اسپن آل راؤنڈر لیام ڈاسن بھی انگلش ٹیم کے لیے عالمی کپ کھیلتے نظر آئیں گے۔ ڈوپ ٹسٹ میں ناکامی کے سبب اسکواڈ سے باہر کیے گئے ایلکس ہیلز کی جگہ جیمز ونس اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ کا ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ایان مورگن(کپتان)، جوز بٹلر، جونی بیراسٹو، جیمز ونس، جیسن روئے، جو روٹ، معین علی، بین اسٹوکس، لیام ڈاسن،کرس ووکس، ٹام کرن، عادل رشید، لیام پلنکٹ، مارک ووڈ اورجوفرا آرچر۔