آرٹیکل 370 کو مسترد کرنے عوام سے خواہش

عادل آباد۔/27مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک کے دستور میں موجودآرٹیکل 370 کو مسترد کرنے عوام سے مرکزی وزیر مسٹر ہنس راج گنگارام نے خواہش کی۔ مستقر عادل آباد میں میڈیا سے وہ مخاطب تھے۔ نمائندہ سیاست محبوب خان کی جانب سے آرٹیکل 370 پر موصوف سے اپنے موقف کی وضاحت طلب کی جس پر مرکزی وزیر زرعی تخم و ادویات کیمیکل نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصہ کے شہری کو جس طرح کسی بھی ریاست میں رہائشی مکان و اراضی خرید وفروخت کی اجازت حاصل ہے اسی طرح کشمیر میں بھی لازمی قرار دیا۔ مستقر عادل آباد کی سمنٹ فیکٹری جو 1600ایکراراضی پر ہے اور تقریباً 18سال سے بند پڑی ہے جس کا وزیر اعظم نریندر مودی سے نمائندگی کرتے ہوئے جلد از جلد احیاء کرانے اور بیروزگار افراد کو روزگار فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کے ایک سالہ اقتدار کی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ ملک کے تمام ریاستوں میں بے روزگار افراد کو روزگار سے مربوط کیا جارہا ہے۔کانگریس کے دور میں بند صنعتی اداروں کا دوبارہ احیاء کیا جارہا ہے۔حیدرآباد میں IDBL ، کریم نگر میں راما گنڈم کا احیاء عمل میںلایا جاچکا ہے۔ راما گنڈم میں چار ہزار میگاواٹ پاور میں مزید 1600 میگا واٹ کا اضافہ کیا جاچکا ہے ۔ یوریا کی موجودہ قمت آئندہ چار سال تک برقرار رکھنے کا تیقن مرکزی وزیر نے کسانوں کو دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ نشانہ سے زائد فصل اگانے کی خاطر رعایتی طرز پر برقی، پانی، ادویات اور زرعی تخم فراہم کئے جارہے ہیں۔ موصوف نے کہا کہ ملک میں بڑے پیمانہ پر ادویات کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت مریضوں کو 20تا30فیصد رقم پر ادویات فراہم ہوں گی۔ ملک کے مختلف مقامات پر 30ہزار ادویات فروخت کرنے کے دکانات قائم کئے جارہے ہیں جس کا رسمی طور پر ماہ اگسٹ میں وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی افتتاح انجام دیں گے ۔ بی جے پی شکست خوردہ عادل آباد رکن اسمبلی مسٹر پایل شنکر کی قیامگاہ پر میڈیاسے خطاب کے دوران ضلع سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے اراکین وقائدین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ قبل ازیں موصوف کا پرتپاک استقبال چاندہ راستہ پر کیا گیا جہاں سے ریالی کی شکل میں انہیں لایا گیا۔ بعد ازاں مرکزی وزیر مستقر نرمل پر ایک جلسہ سے مخاطب کرنے کیلئے روانہ ہوئے۔