آرون فنچ سری لنکا کیخلاف ٹوئنٹی20 سیریز کیلئے کپتان مقرر

ملبورن۔یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام)کرکٹ آسٹریلیا نے اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو آرام دینے کی خاطر سری لنکا کیخلاف رواں ماہ ہونے والی ٹوئنٹی 20 سیریز کیلئے اوپنر آرون فنچ کو ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ فنچ نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ونڈے میچ میں بھی ٹیم کی قیادت کی تھی جس میں انہیں سخت مقابلے کے بعد چھ رنز سے مات ہوئی۔ ماضی میں چھ میچوں کے دوران قیادت کرنے والے  فنچ نے کپتانی کیلئے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم میں واپسی اور اسٹیون اسمتھ کی غیرحاضری میں ایک مرتبہ پھر ٹیم کی قیادت کیلئے پُرجوش ہیں۔ ٹوئنٹی 20 ٹیم میں نئے چہروں کو شامل کیا گیا ہے جس میں ہمالیائی اسٹروکس کھیلنے کے لئے مشہور کرلس لین بھی شامل ہیں۔ لین نے حالیہ اختتام پذیر بگ باش لیگ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کی ہے۔ حالانکہ کھلاڑی صد فیصد فٹ نہیں تاہم قطعی 11 کھلاڑیوں میں ان کی شمولیت فٹنس سے مربوط ہے۔ آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان 17 فروری کو ملبورن میں کھیلا جائے گا۔ 36 سالہ مائیکل کلینگر کی شمولیت کے متعلق سلیکٹر نے کہاکہ ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں اِن کے مظاہرے کافی شاندار ہیں جنھوں نے برطانیہ اور بگ باش میں متاثرکن مظاہرے کئے ہیں جس کی بنیاد پر ان کی شمولیت ہوئی ہے۔