بیروزگاروں کو فرضی ٹولیوں سے چوکس رہنے کا مشورہ: سٹی پولیس کمشنر
حیدرآباد۔/5مئی، ( سیاست نیوز) آرمی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر بے روزگار نوجوانوں سے لاکھوں روپئے لوٹنے والی ایک ٹولی کو حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کی ٹاسک فورس ٹیم نے بے نقاب کردیا اور 7افراد کو گرفتار کرلیا۔ اس خصوص میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے بتایا کہ اس ٹولی کے 7ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ریاکٹ کا اصل سرغنہ رامنجینلو کے علاوہ ہاشم، راکیش، بابو ، عمران احمد شریف،راجندر،رام چندرن، انکوش، دتاتریہ کو گرفتار کرلیا گیا جو تھانے، مہاراشٹرا اور کرنول سے تعلق رکھنے والے بتائے جاتے ہیں۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اصل سرغنہ نے ایک فرضی کمپنی قائم کرتے ہوئے دھوکہ دینے کا منصوبہ بنایا۔ ہاشم اور رامنجینلو نے پہلے رئیل اسٹیٹ کا کاروبار شروع کیا اورایک کے بعد ایک دیگر ٹولی سرگرم ہوگئی جو ڈیفنس کے علاوہ ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت کا جھانسہ دے رہے تھے۔ بے روزگار نوجوانوںکو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر ان سے رقم وصول کی گئی اور فرضی میڈیکل ٹسٹ بھی منعقد کیا گیا۔ ان دھوکہ بازوں نے فی امیدواردیڑھ تا ڈھائی لاکھ روپئے وصول کرلئے اور ان کے دفتر میں موجود فرضی دستاویزات اور نقلی اسٹامپس کے ذریعہ انہیں ملازمت کے لیٹر حوالے کئے۔ سٹی پولیس کمشنر مسٹر انجنی کمار نے بتایا کہ رقم حاصل ہونے کے بعد اس ٹولی نے ممبئی میں ایک اور ٹولی سے رابطہ قائم کیا تاکہ منسوخ کردہ کرنسی کو تبدیل کروایا جائے۔ کمشنر نے بتایا کہ رقم کی واپسی کیلئے اورضبط کرنے کیلئے ایک خصوصی ٹیم ممبئی روانہ کی جائے گی۔ کمشنر پولیس نے عوام الناس بالخصوص بے روزگار نوجوانوں سے درخواست کی کہ وہ ایسے فرضی ملازمت کے ریاکٹ کے جھانسہ میں نہ آئیںاور دھوکہ بازوں کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری شعبہ میں تقررات کیلئے باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جاتا ہے اور اخبارات میں اشتہارات دیئے جاتے ہیں اور کسی بھی سرکاری شعبہ میں ملازمت کیلئے خانگی افراد کی پیشکش کو جانچ لیں۔ انہوں نے ایسے مواقع پر پولیس سے ربط کرنے کا مشورہ دیا۔