آرمور کے مسلم محلہ جات میں پولیس کی کارڈن سرچ

محو خواب افراد کو نیند سے جگایا گیا، پولیس محاصرہ سے عوام میں خوف و دہشت

آرمور۔/27جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور منڈل کے پرکٹ شہر میں مسلم مائناریٹی محلہ جات کا صبح 4 بجے تا6 بجے دو گھنٹے پولیس کی جانب سے محاصرہ کیا گیا، ڈی ایس پی آرمور رام ریڈی کی قیادت میں آرمور ڈیویژن منڈلوں آرمور، بالکنڈہ، نندی پیٹ، بھیمگل وغیرہ کے سرکل انسپکٹرس، سب انسپکٹرس نے بھاری جمعیت کے ساتھ مسلم محلہ جات پرکٹ کو اپنے محاصرہ ( گھیرے ) میں لے لیا۔ مختلف افراد نے بتایا کہ تمام مکانات میں محو خواب افراد کو زبردستی جگایا گیا اور ان کے مکانات میں موجود موٹر سیکل کے کاغذات پوچھے گئے، لانے میں دیر کرنے پر ان کی گاڑیوں کو پرکٹ پولیس سب کنٹرول روم منتقل کیا گیا اور کچھ لوگوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے یہ بھی پوچھا گیا کہ آپ کے مکان میں کتنے مرد افراد ہیں اور کوئی نئے لوگ کرایہ دار ہیں کیا؟ اس طرح آج پرکٹ مسلم محلہ جات میں دہشت کا ماحول دیکھا گیا، مکانات پر دستک دے کر انہیں نیندوں سے جگاکر سوالات کئے جانے پر یہاں کے عوام خوف زدہ ہوگئے۔ اس طرح پرکٹ شہر میں یہ پہلا موقع تھا کہ عوام نے اس طرح کا ماحول دیکھا۔ اس طرح پولیس سب کنٹرول روم پرکٹ میں کثیر تعداد میں موٹر سیکلیں جمع ہوگئی تھیں۔ سب کنٹرول روم پرکٹ کے پاس بیٹھے ہوئے ڈی ایس پی آرمور اے رام ریڈی سے اردو صحافیوں نے ربط پیدا کرتے ہوئے اس انکوائری کی وجہ معلوم کی جس پر ڈی ایس پی نے بتایا کہ ضلع کی سطح پر یہ انکوائری کی جارہی ہے کوئی خاص بات نہیں ہے۔ حال ہی میں کاماریڈی میں تحقیقات کی گئیں۔ ان سے سوال کیا گیا کہ صرف مسلم محلہ جات میں ہی پولیس تحقیقات کیوں کررہی ہے جس پر انہوں نے بتایا کہ مسلم محلہ جات کے علاوہ وڈر کالونی میں بھی پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ اس کے علاوہ سرکل انسپکٹر آرمور سیتا رام نے صحافیوں کو بتایا کہ سارقین چوری کی گاڑیاں استعمال کرتے ہوئے خواتین کے گلے سے طلائی  زیورات چھین رہے ہیں اور بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑیاں استعمال کررہے ہیں اور سرقہ کررہے ہیں۔ بتایا گیا کہ مسلم محلہ جات کے علاوہ وڈر کالونی میں 10موٹر گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا ہے جس کے نمبر پلیٹ غائب ہیں۔ بتایا گیا کہ ضلعی عہدیداروں کے احکامات پر یہ تحقیقات کی گئیں۔ وقفہ وقفہ سے یہ تحقیقات جاری رہیں گی۔ اس کے برخلاف اس طرح پولیس کی جانب سے محاصرہ کرنا اور مکانات میں محو خواب مسلمانوں کو جگانے پر ابھی تک عوام میں دہشت کا ماحول ہے۔ پولیس کی جانب سے اس طرح کا رویہ اختیار کئے جانے پر یہ مسئلہ عوام کے زیر بحث ہے۔ اس پروگرام میں ڈی ایس پی آرمور رام ریڈی، سرکل انسپکٹر آرمور سیتا رام، بھیمگل سی آئی رمنا ریڈی، بالکنڈہ سی آئی محمد یعقوب، ایس آئی آرمور کے علاوہ مختلف مقامات کے سب انسپکٹر اور پولیس جوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔