آرمور میں مزید آدھار سنٹر کے قیام کا مطالبہ

آرمور ۔ 26 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حکومت کی جانب سے آسرا پنشن ، فوڈ سیکوریٹی کارڈ اور ایل پی جی گیس کنکشن کو آدھار سے مربوط کروانے کیلئے آدھار کارڈ کو ضروری قرار دیا جارہا ہے اس لئے آرمور کی عوام آدھار کارڈ کی تصویرکشی کروانے کیلئے قطاروں میں گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں جس میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے اس سے قبل آدھار کیلئے تصویرکشی کروائی لیکن ابھی تک ان کے آدھار کارڈ نہیں آئے اور نہ ہی متعلقہ ویب سائیٹ پر دستیاب ہے اس طرح عوام ، خواتین ، ضعیف حضرات ، بچے آدھار کے منتظر ہیں ۔ آرمور میں میونسپل دفتر کے احاطے میں ایک آدھار سنٹر موجود ہے جس سے یہاں کی عوام استفادہ کررہی ہے اس کے علاوہ یہاں کچھ می سیوا سنٹروں پر بھی آدھار کارڈ کیلئے تصویر کشی کی جارہی ہے لیکن یہاں پر عوام زائد رقم وصول کئے جانے کی شکایت کررہے ہیں اس طرح یہاں کی عوام کیلئے آدھار سنٹر کی مزید ضرورت ہے حکام کی اس طرف توجہ ضروری ہے تاکہ غریب عوام آسرا پنشن ، فوڈ سیکوریٹی کارڈ سے محروم نہ ہوں ۔