آرمور میں جمعیۃ العلماء کی زبردست احتجاجی ریالی

نرمل عصمت ریزی و قتل واقعہ کے درندہ صفت ملزم کو پھانسی دینے کا مطالبہ،اے سی پی کو یادداشت

آرمور۔/20 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کمسن دس سالہ طالبہ کی عصمت ریزی و قتل کے خلاف آرمور جمعیۃ علماء صدر حافظ محمد ابراہیم کی قیادت میں احتجاجی ریالی نکالی گئی اور اے سی پی آرمور کو یادداشت پیش کی گئی۔ تفصیلات کے بموجب ضلع نرمل کے سون دیہات کی اسپندنا نامی 10سالہ طالبہ کا اسی دیہات کے شیطان صفت دو نوجوانوں نے بہلا کر اس کی عصمت ریزی کے بعد اس کے اوپر وزنی پتھر ڈال کر قتل کردیا۔ جمعیت علماء شاخ آرمور بلا لحاظ مذہب وملت انسانی ہمدردی کی مثال قائم کرتے ہوئے آرمور کے شہر پرکٹ سے لیکر آرمور امبیڈکر چوراہے تک ایک احتجاجی ریالی کا اہتمام کیا اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر صدر جمعیۃ العلماء آرمور حافظ محمد ابراہیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں کچھ عرصہ سے عصمت ریزی کے واقعات ہوتے جارہے ہیں، چند ماہ قبل کشمیر کی کمسن لڑکی آصفہ کے ساتھ ہوا تو اب تلنگانہ ریاست نرمل ضلع کے سون دیہات میں اسپندنا نامی طالبہ کے ساتھ ہوا۔ اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے خاطیوں کو پھانسی کی سزا دینا ہوگا۔ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اسپندنا کے قاتلوں کو پھانسی کی سزا دیں اور اس خاندان کو 20لاکھ ایکس گریشیا منظور کریں اور اس طالبہ کے ساتھ انصاف کریں۔ بعد ازاں اے سی پی آرمور کو ایک یادداشت پیش کی گئی ۔ اس موقع پر جمعیۃ العلماء کے دیگر ذمہ داران حافظ محمد وحید، حافظ مصباح، حافظ محمد عرفان کے علاوہ محمد سلیم، سید عتیق اور دیگر نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔