لندن۔24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )انگلش کلب آرسنل یوروپا لیگ کے میچ میں کمزور اور غیر معروف سویڈینی کلب آسٹرسنڈزکے خلاف دوسرے مرحلے کے میچ میں1-2 سے شکست کھا گئی تاہم پہلے مرحلے میں اس کی 0-3سے کامیابی کام آگئی اور آرسنل 2-4کی مجموعی برتری سے پری کوارٹر فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔ ویمبلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران مہمان کلب کے کھلاڑی حسام عائش نے22 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی اور آرسنل کے کھلاڑیوں کو بھی خبر دار کردیا کہ میچ اتنا آسان نہیں جتنا تصور کیا جارہا تھا۔ صورتحال اس وقت مزید سنسنی خیز ہو گئی جب ایک منٹ بعد ہی آسٹر سنڈز کے کین سیما نے دوسرا گول کردیا۔ پہلا ہاف 0-2سے سویڈش کلب کے نام رہا تاہم دوسرے ہاف کے دوران آرسنل کے دفاعی کھلاڑی سیدکولاسینیک نے گول کیا اور ٹیم کو بڑی خفت سے بھی بچالیا۔سویڈش کھلاڑیوں نے دوسرے ہاف کے دوران بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم انہیں میزبان ٹیم کی دفاعی لائن توڑنے میں کامیابی نہیںملی جبکہ آرسنل کے کھلاڑی بھی سر توڑ کوششوں کے باوجود میچ جیتنا تو درکنار اسے برابر بھی نہیں کر پائے اور میچ 1-2 سے سویڈش کلب کے نام رہا تاہم آرسنل کلب لیگ سے باہر ہو نے سے بچ گیا۔میچ کے بعد انگلش کلب کے کوچ نے ٹیم کے کھلاڑیوں کو ان کی غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے آئندہ بہتر کھیلنے کے مشورے دئیے۔