پٹنہ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)بی جے پی کے سینئر قائد سشیل کمار مودی نے آج نتیش کمار پر ’’نظریاتی قلا بازی‘‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے آر جے ڈی اور کانگریس کے ساتھ سیاسی مفاہمت کرنے پر انہیں زبردست تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ زعفرانی پارٹی کے ساتھ ان کی 17 سالہ طویل رفاقت رہ چکی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کو عوام سے وضاحت کرنی چاہئے کہ آخر وہ کیا حالات تھے جن کے تحت انہیں کانگریس اور آر جے ڈی سے سیاسی مفاہمت کیلئے مجبور ہونا پڑا ۔ مودی نے کہا کہ نتیش کمار کو یہ وضاحت بھی کرنے پڑے گی کہ انہوں نے بی جے پی سے طویل رفاقت کے بعد اسے ایک فرقہ پرست پارٹی سے کیونکر تعبیر کیا ۔
واسن نئی پارٹی تشکیل دیں گے
چینائی 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تملناڈو میں اپنے حامیوں سے متعدد و مشاورتی اجلاس کے بعد سابق مرکزی وزیر جی کے واسن جنہو ںنے کانگریس سے علحدگی اختیار کرلی تھی، اپنی نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کی تیاریاں کرچکے ہیں۔ 28 نومبر کو تروچرا پلی میں ایک عوامی جلسہ میں وہ اپنی نئی پارٹی کا اعلان کریں گے ۔