موؤ (مدھیہ پردیش) ۔ 6 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے نوجوان شٹلر آدتیہ جوشی ہندوستان کے ایسے پہلے جونیئر بیڈمنٹن کھلاڑی بنے ہیں جنہوں نے اس زمرہ کی عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کیا ہو۔ ورلڈ بیڈمنٹن فیڈریشن (ڈبلیو بی ایف) کی جانب سے جنوری کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں 17 سالہ آدتیہ نے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ دھر ٹاون سے تعلق رکھنے والے آدتیہ کے نمبر ایک مقام کے حصول کی خبر جب تیزی سے لوگوں میں پہنچی تو ان کے گھر مہمانوں کی قطار لگی جو کہ یہاں پہنچ کر انہیں مبارکباد دینے والوں میں شامل رہے۔ احباب خاندان نے آدتیہ کے گھر پہنچ کر انہیں اور ان کے والدین کو مبارکباد دی ۔
آدتیہ نومبر کے اختتام تک بھی 11 ویں مقام پر فائز تھے لیکن اب وہ 18776 نشانات کے ذریعہ پہلا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ آدتیہ نے جب 2001 ء میں بیڈمنٹن کھیلنے کا آغاز کیا تو اس وقت وہ صرف 5 برس کے تھے لیکن مقامی سطح پر انہوں نے ان ٹورنمنٹس میں خطابات حاصل کئے جو ان کی عمر سے بڑے زمرہ میں منعقد ہوئے۔ 2011 ء میں روس میں منعقدہ ریمنسکو جونیئر ٹورنمنٹ میں آدتیہ جوشی نے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا ۔ بعد ازاں اسی برس جاپان میں منعقدہ ایشین سب جونیئر چمپین شپ میں بھی انہوں نے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ علاوہ ازیں بنکاک میں منعقدہ جونیئر ورلڈ چمپین شپ میں کوارٹر فائنل کی رسائی گزشتہ برس ان کے بہتر مظاہروں میں شامل ایک کارکردگی ہے۔