ہرارے 20جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) زمبابوے کے خلاف آخری 20 ٹوئنٹی مقابلے میں شکست کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کار گذار کپتان نے کہا ہے کہ دورہ زمبابوے پر آخری مقابلے میں شکست مایوس کن ہے لیکن مجموعی طور پر سیریز میں ٹیم کے مظاہرے اطمینان بخش ہیں۔ ہندوستانی ٹیم جس نے زمبابوے کے محدود دورہ پر میزبان ٹیم کے خلاف ٹیم ونڈے اور 2 ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں شرکت کی ہے۔نیز ونڈے سیریز میں 3-0 کی کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دو ٹوئنٹی 20 مقابلوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں اسے حیران کن طور پر 10 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی جس کی وجہ سے اس دورہ پر مہمان ٹیم کی صد فیصد فتوحات کی امید مکمل نہ ہوسکی ۔ دورہ زمبابوے پر ہندوستانی ٹیم کے مجموعی مظاہروں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس دورہ پر ٹیم کی قیادت کرنے والے اجنکیا رہانے کہا کہ یہ مختصر سیریز ہمارے کافی کامیاب ثابت ہوئی جیسا کہ امبتی رائیڈو اور کیدر جئے دیو نے سنچریاں اسکور کی ہیں جبکہ مرلی وجئے کے ہمراہ میں نے بھی نصف سنچریاں بنائی ہیں ۔ مجموعی طور پربیٹنگ شعبہ نے بہتر مظاہرہ کیا ہے ۔ سیریز کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آخری مقابلے میں شکست مایوس کن ہے کیونکہ ٹیم صد فیصد فتوحات کی خواہاں تھی لیکن اس شکست کے باوجود سیریز میں مجموعی مظاہرے اطمینان بخش ہیں آخری مقابلے میں حاصل ہونے والے نتیجہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رہانے کہا کہ زمبابوے اس کامیابی کی حقدار تھی کیونکہ میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہت بہتر مظاہرہ کیا حالانکہ سیریز میںبھی ان کے مظاہرے بہت زیادہ ناقص نہیں تھے ۔ کھلاڑیوں نے اور خاص کر اسپینرس نے صحیح مقامات پر گیندیں ڈالنے کے ساتھ ان کے فیلڈروں کے مظاہرے بھی کافی بہتر تھے۔ رہانے کے بموجب زمبابوے نے وقفہ وقفہ سے وکٹیں حاصل کئے جس کی وجہ سے بظاہر ایک آسان نشانے کا تعاقب نا ممکن ہوگیا ۔ کارگذار کپتان نے کہا کہ آخری مقابلے میں بیٹسمینوں نے مایوس کیا ہے کیونکہ ہم ایک بہتر پارٹنر شپ نہیں بنا سکے جس کی بدولت ہم کامیابی حاصل کرسکتے ۔رہانے یہ بھی کہا کہ مجموعی طور پر حالانکہ وکٹ بہتر تھی لیکن مسلسل تین یا چار وکٹوں کے زوال نے کامیابی کو ہم سے دور کردیا کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ ہندوستانی بولروں نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو بڑے اسکور سے بعض رکھا اور کامیابی کیلئے 145 رنز کا نشانہ دیا جو قابل تعاقب تھا ۔رہانے جو خود اس مقابلے میں ناکام ہوئے اور اس کے متعلق انہوں نے کہا کہ میں ٹیم کو ایک بہتر شروعات فراہم کرنا چاہتا تھا تاہم رن آوٹ ہونے کی وجہ سے اوپنرس کو وہ شروعات نہیںمل پائی ۔ علاوہ ازیں انہوں نے سینئر آف اسپینر ہربھجن سنگھ کو آرام دینے کے اپنے فیصلہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہربھجن سنگھ نہ صرف تجربات کار ہے بلکہ وہ ٹیم کو کامیابی دلوانے والے بولر بھی ہیں تاہم ہم اس دورہ پر سنجیو سامسن کو بھی موقع دینا چاہتے تھے۔