آج ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان 144واں ونڈے

ایشیا کپ میں دونوںہی ٹیمیں سبقت کیلئے کوشاں
ملنگا اور کوہلی میں دلچسپ ٹکراؤ متوقع ‘مقابلے کا آغاز 1.30بجے
فتح اللہ (بنگلہ دیش)۔27فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کل ایشیا کپ کا مقابلہ کھیلا جائے گا جو کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 144واں ونڈے میچ ہوگا جیسا کہ دونوں ہی ٹیموں نے دنیا کے مختلف علاقوں میں ایک دوسرے کے خلاف مسابقتی مقابلے کھیلیں ہیں ۔ حالیہ دنوں میں دونوں ٹیموں کے درمیان بہت زیادہ ونڈے مقابلے کھیلے گئے تھے لیکن اب دونوں ٹیمیں چھ ماہ کے وقفہ کے بعد کل پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے سامنے ہوںگی۔کل کھیلے جانے والے مقابلے سے قبل دونوں ہی ٹیموں نے اپنے افتتاحی مقابلوں میں فتوحات حاصل کی ہے جیسا کہ سری لنکا نے ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے دفاعی چمپئن پاکستان کو سنسنی خیز مقابلہ میں 12رنز سے شکست دی

جب کہ ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے ناکام دورہ کے بعد یہاں اپنے پہلے مقابلے میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر کامیابی کی سمت واپسی کی ہے ۔ کل کھیلے جانے والے ہند۔ سری لنکا مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم کے کارگذار کپتان ویراٹ کوہلی اور سری لنکا کے یاکرس کیلئے مشہور فاسٹ بولر لستھ ملنگا کے درمیان دلچسپ ٹکراؤ متوقع ہے ۔ برصغیر کی وکٹوں پر کھیلے جانے والے مقابلوں میں بیٹسمینوں کا غلبہ ہوتا ہے

اور کل بھی کھیلے جانے والے مقابلے کی دونوں ٹیموں کے بیٹنگ شعبہ میں گہرائی کے علاوہ کئی عالمی معیار کے بیٹسمین موجود ہیں ۔ ہندوستان کیلئے کارگذار کپتان ویراٹ کوہلی کا شاندار فام میں موجود ہونے کے علاوہ سری لنکاکیلئے سینئر بیٹسمین کمارسنگاکارا بھی بہترین فام میں موجود ہیں ۔ سری لنکا کیلئے اس کے دھیمی رفتار کے بولروں نے پاکستان کے خلاف 296رنز کے دفاع میں کلیدی رول ادا کیا ہے لیکن ہندوستان کے خلاف ان بولروں کا سخت امتحان ہوسکتا ہے ۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں سورنگا لکمل کا ناقص فام سری لنکا کیلئے تشویش کا باعث ہوسکتا ہے

کیونکہ وہ مہینگے ثابت ہورہے ہیں ۔ لہذا امید کی جارہی ہے کہ سری لنکائی کپتان انجیلو میتھوز لکمل کے مقام پر دمیکا پرساد کو قطعی 11کھلاڑیوں میں شامل کرسکتے ہیں ۔ سری لنکا کیلئے ملنگا کا مظاہرہ اہمیت کا حامل ہوگا جنہوں نے پاکستان کے خلاف ایک مشکل وکٹ پر یاکرس کے ذریعہ بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کے علاوہ پانچ وکٹیں بھی حاصل کی ہیں ۔ بیٹنگ شعبہ میں لہیرو تھیرمینے نے پہلے مقابلے میں سنچری اسکور کرتے ہوئے فام میں واپسی کا اشارہ دیا ہے جب کہ کمار سنگاکارا اور مہیلا جئے وردھنے تجربہ کار بیٹسمین ہیں ۔ ہندوستان کیلئے اوپنرس روہت شرما اور شکھر دھون کا ٹیم کو بہتر شروعات فراہم نہ کرنا تشویش کا باعث ہے تاہم اجنکیا راہنے کا فام میں ہونا خوش آئند ہے۔