نظام آباد /اگست 18 (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی حکومت کی جانب سے منعقدہ جامع خاندانی سروے میں اپنے ناموں کو اندراج کرانے کیلئے مختلف مقامات پر رہنے والے افراد اپنے آبائی مقامات کو پہنچنے کا گذشتہ 3 دنوں سے سلسلہ جاری ہے ۔عوام کی نقل و حرکت کی جانب سے ٹرینوں اور بسوں میں عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے اور کئی افراد مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اپنے آبائی مقامات کو پہنچ رہے ہیں ۔ تفصیلات کے بموجب حکومت کی جانب سے 19؍ اگست کے روز جامع خاندانی سروے کا انعقاد کیا گیا ہے اور سروے میں اپنے ناموں کا اندراج لازمی قراردیا گیا ہے اور اسی سروے کی بنیاد پر حکومت کی جانب سے سرکاری اسکیمات سے مستفید کرانے کیلئے غور کررہی ہے جس کی وجہ سے مستقبل میں حکومت کی اسکیمات کے حصول کیلئے اپنے ناموں کو اندراج کرنے کیلئے ضلع سے تعلق رکھنے والے ممبئی، گجرات، ناندیڑاور دیگر مقامات پر رہنے والے افراد گذشتہ دو دنوں سے جدوجہد کرتے ہوئے اپنے آبائی مقامات کو پہنچ رہے ہیںان افراد کی نقل وحرکت کی وجہ سے بسیں اور گاڑیوں کا ہجوم دیکھا جارہا ہے اور جگہ نہ ملنے پر بسوں کے اوپر بیٹھ کر سفر کررہے ہیں ۔ ضلع نظام آباد میں 6.25لاکھ خاندانوں کا سروے 19؍ اگست کے روز کیا جارہا ہے۔ سروے کیلئے جملہ 27500 سرکاری ملازمین، 2300 خانگی ملازمین، 800 بینک ملازمین کا تقرر کیا گیا ہے اور انہیں تربیت بھی دی گئی ہے۔ ان اینموریٹرس( اندراج کنندہ ) کیلئے 359بسوں کا بھی مختص کیا گیا ہے۔ کل صبح 8 بجے سے سروے کا آغاز ہوگا۔