کولکتہ۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) حیدرآباد کے خلاف ہوئی شکست کو پیچھے چھوڑ گوتم گمبھیر کی کولکاتا نائٹ رائڈرس کل یہاں رائزنگ پونے سوپرجائنٹس کے خلاف گھریلو میدان ایڈن گارڈنس پر پلے آف میں اپنی جگہ مضبوط کرنے اترے گی۔ کولکاتا کو گزشتہ میچ میں حیدرآباد کے خلاف 48 رنوں سے بڑی شکست جھیلنی پڑی تھی جس سے اس کا پلے آف میں پہنچنے کا خواب کچھ دیر کے لئے ٹل گیا تھا۔کے کے آر فی الحال 10 میچوں میں سات فتوحات کے بعد14 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اسٹیون ا سمتھ کی پونے نے گزشتہ میچ میں گجرات لائنز کو پانچ وکٹ سے شکست دی اور وہ جدول میں اتنے ہی میچوں میں چھ میچ جیت کر 12 نشانات کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔ جدول میں سب سے اوپر چل رہی ممبئی پلے آف میں سب سے پہلے اپنی جگہ مستحکم کر چکی ہے اور اب دوسرے نمبر کی کے کے آر اپنی جگہ پکی کرنے سے ایک قدم دور ہے ۔ کولکتہ کا اب تک کا سفر ٹورنمنٹ میں بہترین رہا ہے اور حیدرآباد سے شکست سے پہلے اس نے مسلسل تین میچ جیتے تھے ۔ دو مرتبہ کی چیمپئن کے کے آر کے پاس کمال کی بیٹنگ اور بولنگ ہے اور اس کے لئے واپس کامیابی کی سمت گامزن ہونا بہت مشکل ثابت نہیں ہو گا۔ اگرچہ پونے نے گزشتہ میچ میں گجرات کو شکست دی جس کے بعد اس کا حوصلہ کافی بڑھا ہے ۔
اس میچ میں ٹیم کے اوپننگ آرڈر کے بری طرح ناکام رہنے کے بعد جس طرح اس کے اسٹار بین اسٹوکس نے ناٹ آؤٹ 103 رنوں کی سنچری سے ٹیم کو جیت دلائی اس سے صاف ہے کہ ٹیم کسی ایک بیٹسمین پر انحصار نہیں کررہی ہے ۔ وہیں اس میچ میں جے دیو انادکٹ اور عمران طاہر کی بولنگ نے بھی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ پونے کی ٹیم کا سفر اگرچہ آئی پی ایل میں اب تک نشیب و فراز سے بھرا رہا ہے لیکن اہم مرحلے پر آکر وہ صحیح سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور اگر وہ کے کے آر کو شکست دیتی ہے تو اس کے پاس جدول میں آگے بڑھنے کا موقع بھی رہے گا ۔کے کے آر کی ہی طرح پونے کے پاس کپتان اسمتھ، اسٹوکس، اجنکیا رہانے ، منوج تیواری، مہندر سنگھ دھونی اور راہل ترپاٹھی جیسے قابل بھروسہ بیٹسمینس ہیں۔ اسمتھ(324) اور ترپاٹھی(259) دونوں ہی ٹیم کے بہترین اسکورر ہیں جبکہ بولروں میں انادکٹ (10) اور طاہر (16) دونوں ہی اب تک کے کامیاب بولر ہیں۔ آل راؤنڈر اسٹوکس نے بولنگ میں بھی بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ پونے کے طاقتور اور اہم کھلاڑیوں میں ہیں۔خطابی ہیٹ ٹرک کا خواب دیکھ رہی گمبھیر کی کے کے آر کو اگرچہ گزشتہ میچ میں شکست جھیلنی پڑی لیکن وہ ٹورنمنٹ کی کامیاب اور مضبوط ٹیموں میں سے ہے جو اگلا میچ اپنے گھریلو میدان میں کھیلنے جا رہی ہے اور یقینا اس کا فائدہ ہو گا۔کپتان گمبھیر اور زبردست فارم میں ہیں جارحانہ رابن اتھپا اس وقت اس کی بیٹنگ شعبہ کے اہم ستون ثابت ہورہے ہیں۔گزشتہ10 میچوں میں چار نصف سنچری سمیت 387 رنز بنا کر گمبھیر اور پانچ نصف سنچریوں کی بدولت 384 رنز بنا کر اتھپا کولکتہ کے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سنیل نارائن نے بھی اوپننگ میں خود کو ثابت کیا ہے ۔ منیش پانڈے بھی ٹیم کے لئے 300 کا ہندسہ پار کر چکے ہیں۔ حیدرآباد کے خلاف شکست کی وجہ اتھپا کی جھنجھلاہٹ بھی میدان پر نظر آئی تھی اور امید ہے کہ وہ اسے نظر انداز کرکے کے کے آر کو ٹریک پر لے آئیں گے لیکن گزشتہ میچ میں مخالف ٹیم کو200 کے پار پہنچانے میں کے کے آر کے بولروں کی مہنگی کارکردگی ذمہ دار رہی ۔ اس میچ میں کرس ووکس اور کلدیپ یادو بہت مہنگے رہے ۔ ناتھن کولٹر نائل، ویاکس اور چائنامین بولر اگرچہ کے کے آر کے کامیاب بولر ہیں لیکن انہیں پونے کے خلاف بہتر بولنگ کرنی ہوگی۔