موہالی ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کنگس الیون پنجاب اور کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے درمیان کل یہاں کھیلے جانے والا مقابلہ دونوں ہی ٹیموں کیلئے بقاء کی جنگ ہوگا کیونکہ دونوں ہی ٹیمیں ٹورنمنٹ کے جدول میں نچلی سطح پر پہنچ چکے ہیں اور کل یہاں موہالی میں کھیلے جانے والے مقابلے میں دونوں ہی ٹیموں کیلئے ٹورنمنٹ میں باقی رہنے کیلئے کامیابی اشد ضروری ہے۔ دونوں ہی ٹیموں نے 12 مقابلوں سے 10 نشانات حاصل کئے ہیں تاہم دنیش کارتک کی زیرقیادت کے کے آر کو رن ریٹ کی دوڑ میں کسی قدر سبقت حاصل ہے۔ کے کے آر نے اپنے گذشتہ مقابلہ میں ممبئی انڈینس کو 34 رنز سے شکست دیتے ہوئے متواتر 6 ناکامیوں کا سلسلہ توڑا جبکہ پنجاب کو گذشتہ تین مقابلوں میں یکے بعد دیگرے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔