آج پاک۔نیوزی لینڈ دوسرے ٹسٹ کا آغاز،آفریدی کو موقع

دبئی ۔ 23 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرے ٹسٹ کا دبئی میں ہفتہ کو آغاز ہورہا ہے اور اس میچ میں شاہین شاہ آفریدی کوٹسٹ کرئیر کے آغاز کا موقع دیا جاسکتا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں آفریدی کو شامل کرنے کا اشارہ دیا ہے اور کہا کہ شاہین آفریدی نے انگلینڈ لائنز کے خلاف میچ میں عمدہ مظاہرہ کیا جبکہ ابوظہبی ٹسٹ کی ٹیم برقرار رکھیں گے لیکن وکٹ کی حالت کو دیکھتے ہوئے نوجوان فاسٹ بولر کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دے سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ پہلا ٹسٹ جیتنے کے موقف میں تھے لیکن چند غلطیوں کی وجہ سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، جو کچھ ابوظہبی میں ہوا پیچھے چھوڑ کر آئے ہیں، وہاں ٹیماجلاس میں ہی یہ ارادہ کیا تھا کہ اگلے میچز میں اپنی خامیوں پر قابو پاتے ہوئے سیریز میں واپس آئیں گے۔