ابوظہبی/کراچی۔26ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری مقابلہ کل یہاں ابوظہبی میں کھیلا جائے گا لیکن اس مقابلہ سے قبل پاکستانی ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی وطن واپس لوٹ گئے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آفریدی کو پانچویںونڈے سے قبل وطن واپس پہنچنے کی اجازت دی گئی ہے چونکہ وہ اپنی بیٹی کی ناساز طبعیت کے ضمن میں گھر پہنچنا چاہتے تھے ۔ دوسری جانب باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ آفریدی نے پانچویں ونڈے سے اس لئے بھی دستبرداری اختیار کی چونکہ پاکستان نے پہلے ہی ونڈے سیریز اپنے نام کرلی ہے لہذا آفریدی چاہتے ہیں کہ انتظامیہ آخری مقابلہ میں کسی نوجوان کو موقع دے ۔ آفریدی کا ماننا ہے کہ نوجوان کھلاڑی انور علی اور حارث سہیل کو موقع دیا جانا چاہیئے ۔