ماسکو۔13جون(سیاست ڈاٹ کام) انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے والی ہیں ، ورلڈ کپ فٹ بال کا جنون عروج پر پہنچ گیا، میگا ایونٹ2018 کا آغاز کل شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوگا، اس شاندار تقریب کو یادگار بنانے کیلئے سینکڑوں فن کار دن رات تیاریوں میں مصروف ہیں، ٹیموں کی روس آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ،گزشتہ روز بھی کئی ٹیمیں ورلڈکپ جیتنے کا خواب لئے ماسکو پہنچیں جن میں سعودی عرب کی ٹیم بھی جوکہ ورلڈ کپ کا افتتاحی مقابلہ کل یہاں میزبان روس کے خلاف کھیلی گی۔ورلڈ کپ میں دنیا بھر کی نظریں اپنے پسندیدہ اسٹارز اور ٹیموں پر مرکوز ہوں گی۔ درجہ بندی میں عالمی نمبر دو اور پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل کو اس مرتبہ بھی پسندیدہ قرار دیا جا رہا ہے ۔
ورلڈکپ کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ میدانوں کے آس پاس شراب کی فروخت ممنوع قرار دے دی گئی ہے۔ پولیس کسی بھی ملکی یا غیر ملکی کو نشے کی حالت میں پائے جانے پر پکڑ کر خصوصی سیل میں رکھنے کی مجاز ہوگی۔ ورلڈ کپ کے دوران41 مقامات سے پروازوں کی آمدورفت بھی معطل رہے گی۔ میزبان شہروں کے گرد 100 کلو میٹر کی حدود میں ڈرون کیمروں کا استعمال ممنوع ہوگا۔ آرمی سٹیڈیمز کے اطراف میں جیمرز بھی نصب کرے گی۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے فٹ بال کے میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 32 ٹاپ ٹیمیں شرکت کریں گی ،جنہیں 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں میزبان روس، سعودی عرب، مصر اور یوروگوئے ،گروپ بی میں پرتگال، سپین، مراقش اور ایران ،گروپ سی میں فرانس، آسٹریلیا، پیرو اور ڈنمارک ، گروپ ڈی میں ارجنٹینا، آئس لینڈ، کروشیا اور نائیجیریا، گروپ ای میں برازیل، سوئٹزرلینڈ، کوسٹاریکا اورسربیا ، گروپ ایف میں دفاعی چیمپئن جرمنی، میکسیکو، سویڈن اور جنوبی کوریا ، گروپ جی میں بیلجیئم، پاناما، تیونس اور انگلینڈ جبکہ گروپ ایچ میں پولینڈ، سینی گال، کولمبیا اور جاپان شامل ہیں۔
روس میں دنیائے فٹبال کے سب سے بڑے ٹورنمنٹ کا آغاز ہو تے ہی دنیا بھر کی نظریں میسی، رونالڈو، نیمر اور محمد صلاح پر مرکوز ہیں۔ فیفاورلڈ کپ جیتنے کیلئے پسندیدہ ٹیموں میں جرمنی، برازیل، اسپین، فرانس اور ارجنٹینا کا شمار ہونے لگا ہے لیکن اس کے علاوہ بعض کھلاڑی انفرادی حیثیت میں بھی شائقین کی خصوصی دلچسپی کا مرکز ہوں گے۔ سابق چیمپیئن برازیل کے نیمر جونیئر، پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو، ارجنٹینا کے لیوئنل میسی اور مصر کے محمد صلاح پر شائقین کی خاص نظریں ہیںکہ یہ اسٹارزجو اپنے اپنے کلب کے لئے بڑے کارنامے انجام دے چکے ہیں اب قومی ٹیموں کے لئے کیا کارکردگی دکھائیں گے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اکثر سوپر اسٹارز اپنے کلبوں کے لئے تو بڑے اعزاز سمیٹتے ہیں لیکن انٹر نیشنل ٹورنمنٹس میں قومی ٹیم کے لئے کچھ نہیں کر تے۔ اس مرتبہ بھی یہی دیکھا جائے گا کہ یہ روایت غلط ثابت ہوتی ہے یا نہیں۔ میسی، رونالڈو، نیمر اور موجودہ پسندیدہ محمد صلاح کی ٹی شرٹس اور پوسٹرز برق رفتاری سے فروخت ہو رہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں جرمنی کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ 2014 ء میںبرازیل ورلڈ کپ کے دوران جرمنی نے فائنل میں ارجنٹینا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔