20 ہزار پولیس جوان تعینات ، 400 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ کڑی نظر
حیدرآباد ۔ /26 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی گنیش جلوس اور وسرجن کے انعقاد کے موقع پر حیدرآباد سٹی پولیس نے سکیورٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے ہیں اور اس موقع پر 20 ہزار پولیس عملہ کو متعین کیا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی اس گنیش جلوس کی راست طور پر نگرانی کریں گے ۔ بالاپور سے آغاز ہونے والے مرکزی جلوس کیشو گری ، علی آباد ناگول چنتا ، چارمینار ، مدینہ بلڈنگ ، افضل گنج ، معظم جاہی مارکٹ ، عابڈس ، بشیر باغ سے گزرتا ہوا ٹینک بینڈ پہونچے گا ۔ پولیس نے اس موقع پر خصوصی سکیورٹی کے انتظامات کئے ہیں جس میں 400 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ گنیش جلوس پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور اس کے لئے خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے ۔ پولیس نے حساس اور انتہائی حساس علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان علاقوں میں پولیس پکٹس بھی متعین کئے ہیں ۔ چھتیس گڑھ ، آندھراپردیش اور دیگر پڑوسی ریاستوں کے علاوہ حیدرآباد سٹی پولیس کے مختلف شعبہ بشمول اسپیشل برانچ ، کمشنر ٹاسک فورس ، سٹی آرمڈ ریزرو ، ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ اور دیگر شعبہ اس بندوبست میں شامل رہیں گے ۔ جاریہ سال تقریباً 30 ہزار گنیش مورتیاں نصب کی گئی تھیں اور حالیہ دنوں میں وقفہ وقفہ سے کئی مورتیوں کا وسرجن عمل میں لایا جاچکا ہے ۔ کل مرکزی گنیش جلوس کے موقع پر 10 تا 11 ہزار مورتیوں کا وسرجن متوقع ہے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ ہر چپہ چپہ پر نظر رکھی جارہی ہے تاکہ ناخوشگوار واقعہ پیش آنے پر پولیس فورسیس کو حرکت میں لایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نیم فوجی دستے سی آر پی ایف ، آر اے ایف اور آئی ٹی پی بی کو بھی متعین کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اسپیشل برانچ عملہ اشتعال انگیز تقاریر دینے والوں کی مکمل ریکارڈنگ کرے گا اور قصور وار افراد کے خلاف متعلقہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا جائے گا ۔ مرکزی گنیش جلوس کا انعقاد /27 ستمبر کو ہوگا اور دوسرے دن بھی وسرجن جاری رہنے کی امید ہے ۔ نکلس روڈ ، ٹینک بینڈ اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں پولیس نے 70 سے زائد سی سی ٹی ویز نصب کئے ہیں اور اسٹیٹک کرینس کے ذریعہ گنیش مورتیوں کا وسرجن کیا جارہا ہے اور ان کرینس پر پولیس کڑی نظر رکھے گی ۔