آج فیڈرر اور اینڈی مرے ایکشن میں

لندن۔8نومبر ( سیاست ڈاٹ کام)سیزن2014ء کے آخری اہم ایونٹ اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس کا کل یہاں لندن کے ’اوٹو ایرینا‘ میں آغاز ہورہا ہے ۔ اس ٹورنمنٹ میں عالمی درجہ بندی کے سرفہرست 8کھلاڑیوں کے درمیان دو گروپ کی شکل میں راؤنڈ رابن مقابلے کھیلے جائیں گے اور ہر گروپ سے سرفہرست دو کھلاڑیوں کی سیمی فائنل میں رسائی ہوگی ۔ 9تا 16نومبر کھیلے جانے والے اس ٹورنمنٹ کے گروپ اے میں کل افتتاحی مقابلہ مقامی پسندیدہ کھلاڑی اینڈی مرے کا کائی نشیکوری سے سامنا ہوگا ۔ جاپانی کھلاڑی کائی نشیکوری کل جب اینڈی مرے کے خلاف میدان میں اتریں گے تو یہ ان کیلئے ریکارڈ لمحہ ہوگا کیونکہ وہ اس ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے والے ایشیاء کے پہلے کھلاڑی ہوں گے ۔ مقامی وقت کے اعتبار سے شام میں کھیلا جانے والا مقابلہ راجرفیڈرر اور پہلی مرتبہ ٹورنمنٹ میں رسائی حاصل کرنے والے ٹینس اسٹار میلوس راؤنک کے درمیان ہوگا اور یہ پیرس ماسٹرس کے کوارٹر فائنل کا اعادہ ہوسکتا ہے ‘

جہاں میلوس راؤنک نے فیڈرر کو شکست دی تھی ۔ دوسرے گروپ میں عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ کے ہمراہ یو ایس اوپن چمپئن مارن سلک ‘ آسٹریلین اوپن چمپئن اسٹانسلس واؤرنکا اور چیک جمہوریہ کے ٹامس برڈک شامل ہیں ۔ اس گروپ کا پہلا مقابلہ پیر کو کھیلا جائے گا ۔ لندن میں کل سے کھیلے جانے والے اس اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس میں راجر فیڈرر پھر ایک مرتبہ توجہ کا مرکز ہوں گے کیونکہ وہ یہاں ناقابل تسخیر چمپئن بنتے ہوئے نہ صرف نواک جوکووچ سے پہلا مقام چھین سکتے ہیں بلکہ 33برس کی عمر میں پہلے مقام پر پہنچنے والے معمر ترین کھلاڑی ہونے کا ریکارڈ بھی اپنے نام درج کرواسکتے ہیں ۔ فیڈرر کیلئے گذشتہ ہفتہ پیرس ماسٹرس میں ہی پہلے مقام کاحصول آسان ہوسکتا تھا لیکن ان کی کوارٹر فائنل میں شکست اور جوکووچ کا متواتر دوسری مرتبہ چمپئن بننے کے نتائج نے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان موجود 500نشانات کے فرق کو بڑھاکر اب تقریباً 1200نشانات کافرق کردیا ہے ۔