آج سیمی فائنلز میں آسٹریلیاکا نیدرلینڈ اور انگلینڈ کا بلجیئم سے مقابلہ

بھونھیشور۔14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈکپ ہاکی ٹورنمنٹ اپنے سیمی فائنلز مرحلے میں پہنچ گیا اوراس مرحلے کے مقابلے کل ہوں گے ۔ یہاں جاری دنیائے ہاکی کے سب سے بڑے ایونٹ کے اب آخری 4 میچز باقی ہیں ۔ پہلا سیمی فائنل انگلینڈ اور بلجیئم کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا سیمی فائنلآسٹریلیا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ ہاکی کا فائنل اتوار 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں ہاکی ورلڈ کپ 2018 کے کوارٹر فائنل میں ہالینڈ نے میزبان ہندوستان کو شکست دے کر خطاب کی دوڑ سے باہر کردیا جبکہ بلجیئم نے جرمنی کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چورکردیا۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر تین بلجیئم کا مقابلہ عالمی درجہ بندی کی چھٹے نمبر کی ٹیم جرمنی سے تھا۔ میچ میں جرمنی کی ٹیم نے پہلے کوارٹر کے14ویں منٹ میں اس وقت گول اسکور کیا جب ڈائیٹر لنی کوگیل نے گیند کو گول پوسٹ میں پھینک کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ تاہم جرمنی کی یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور4 منٹ بعد ہی الیگزینڈر ہینڈریکس نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ برابر کردیا۔ دونوں ٹیموں نے اس کے بعد برتری کے حصول کی متعدد کوششیں کیں لیکن میچ کے تیسرے کوارٹر کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔ میچ کے 50 ویں منٹ میں بلجیئم کے ٹام بون نے فیصلہ کن گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں فتح سے ہمکنار کرنے کے ساتھ سیمی فائنل میں بھی رسائی دلا دی۔ دن کے دوسرے میچ میں نیدرلینڈز نے میزبان ہندوستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ میچ کا پہلا کوارٹر انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا اور دونوں ہی ٹیموں نے گول کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کئے۔ میچ کے 12ویں منٹ میں آکاش دیپ سنگھ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی لیکن پہلے کوارٹر کے اختتام سے چند لمحات قبل تھیری برنک مین نے فری ہٹ پر گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔ اس کے بعد میچ کے اگلے دونوں کوارٹرز تک ہندوستان اور نیدرلینڈز دونوں ہی ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں لیکن میچ کے 50 ویں منٹ میں منکوین درویردن نے گول بناکر اپنی ٹیم کو سیمی فائنلز میں پہنچادیا۔