موہالی / ممبئی۔ 4 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کا12 واں سیزن اپنے آخری مرحلے میں پہنچ چکا ہے اور تین ٹیمیں پلے آف میں جگہ بنا چکی ہیں۔ کل سوپر سنڈے کو ٹورنمنٹ کے آخری لیگ میچوں کے دن پلے آف کی چوتھی ٹیم اور لیگ کی سرفہرست ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔دفائی چمپئن چینائی سوپرکنگ13 میچوں میں نومیچ جیت کر18 نشانات کے ساتھ سرفہرست ہے اور اسے اپنے پہلے مقام کے لئے ممبئی انڈینس سے خطرہ ہو سکتا ہے جو13 میچوں میں آٹھ جیت اور16 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ دہلی کیپٹلس بھی پلے آف میں پہنچ چکی ہے ۔چینائی کو اتوارکو کنگز الیون پنجاب سے موہالی میں کھیلنا ہے جبکہ ممبئی کوکولکتہ نائیٹ رائیڈرز سے ممبئی میں کھیلنا ہے ۔ پنجاب کو کل اپنے میدان میں کولکتہ سے سات وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کامیابی نے کولکتہ کی پلے آف میں جانے کی توقعات کو زندہ کر دیا جبکہ پنجاب کی امیدیں موہوم ہو گئی ہیں۔ نوجوان اوپنر شبھمن گل کی ناٹ آؤٹ65 رنزکی شاندار اننگزکی بدولت کولکتہ نے پنجاب کو اسی کے میدان میں جمعہ کو7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پنجاب نے انگلینڈ کے سیام کیرن کے ناٹ آؤٹ55 رنزکی بدولت چھ وکٹ پر183 رنز کا مشکل اسکور بنایا تھا لیکن کولکتہ نے18 اوور میں3 وکٹوں کے نقصان پر185 رنز بنا کر میچ جیت لیا تھا۔گل اپنی میچ فاتح اننگز کے لئے مین آف دی میچ بنے جو ان کا پہلا مین آف دی میچ ایوارڈ تھا۔کولکتہ کو پلے آف کے لئے اپنا آخری میچ جیتنا ضروری ہے اورساتھ ہی دوسری ٹیموںکے نتائج پر بھی نظر رکھنی ہے کیونکہ ٹیبل میں14 کے اسکور پر برابر رہنے کی صورت میں نیٹ رن ریٹ اہم ہو جائے گا
اور پلے آف کی چوتھی ٹیم کا فیصلہ اسی بنیاد پر ہونا ہے ۔پنجاب کو اپنا آخری میچ اسی دن چینائی سے کھیلنا ہے اور اسے باقی ٹیموں کے نتائج پر بھی نظر رکھنی ہے ۔ پنجاب کے لئے اگرچہ امیدیں مکمل طور ختم ہو چکی ہیں۔ ٹیبل میںکولکتہ پانچویں اور پنجاب ساتویں نمبر پر ہے ٹورنمنٹ کے پلے آف منگل سے شروع ہوں گے ۔ ممبئی نے اپنے گزشتہ مقابلے میں سوپر اوورتک کھنچے میچ میں یارکرمین جسپریت بمراہ کے شاندار سوپر اوور سے سن رائزرس حیدرآبادکو شکست دے کر پلے آف میں جگہ بنائي تھی۔ ممبئی نے اوپنرکوئنٹن ڈی کوک (ناٹ آؤٹ 69) کی شاندار نصف سنچری سے20 اوورمیں پانچ وکٹ پر162 رنز کا مشکل اسکور بنایا تھا جبکہ حیدرآباد نے منیش پانڈے کے ناٹ آؤٹ71 رنز سے چھ وکٹ پر162 رنز بنائے تھے ۔ میچ کا فیصلہ سوپر اوورمیں جاکر ہوا تھا۔ چینائی نے اپنے پچھلے مقابلے میںکپتان مہندر سنگھ دھونی کی ناقابل شکست44 رنزکی طوفانی اننگز اورشاندار دوا سٹمپنگ اور لیگ اسپنر عمران طاہر کے چار اور اسپنر رویندرجڈیجہ کی تین وکٹوں کی بدولت دہلی کیپٹلس کو آسانی سے80 رنز سے شکستکر ٹیبل میں پہلے مقام دوبارہ حاصل کر لیا تھا۔ چینائی نے چار وکٹ پر179 رن کا مشکل اسکور بنایا تھا اور ہدف کے تعاقب میں دہلی کو16.2 اوور میں99 رنز پر ہی ڈھیرکردیا تھا۔پلے آف میں چوتھے مقام کیلئے آخری ٹیم کا ہنوز فیصلہ نہیں ہوا ہے۔