آج روضہ درگاہ شریف کا 525 واں عرس شریف

کرنول 27؍جون( ای میل)شہرکرنول کی مشہوروبرگزیدہ شخصیت حضرت اسحق ثناء اللہؒکا 525واں عرس شریف 28؍جون کو مقررہے ۔سجادہ نشین سیدشاہ انورباشاہ قادری عرف تاج محمدقادری کی سرپرستی میں یہ عرس تقاریب منعقد کی جائیں گی۔برادرسجادہ نشین سیدشاہ داداباشاہ قادری کے بموجب۲۹/شعبان المعظم ۱۴۳۵ہجری مطابق 28؍جون2014ء بروزسنیچر صندل شریف مقرر ہے۔جلوس صندل بعد نماز مغرب سجادہ نشین سیدشاہ انورباشاہ قادری کے مکان سے برآمد ہوکرفقراء کے جلوس کے ساتھ ضرب وکمالات پیش کرتے ہوئے بارگاہ اسحٰقیہ پہنچے گا، بعد نماز عشاء صندل مالی چادرگل کی پیش کشی کے بعدسلام بحضور خیر الانام ، شجرہ وفاتحہ خوانی ہوگی، بدست سجادہ نشین تبرک تقسیم کیاجائے گا، رات دس بجے فاضل وکامل جامعہ نظامیہ حیدرآباد مولاناسیدشاہ عزیزاللہ قادری کا سیرۃ اولیاء پربصیرت افروز بیان ہوگا، اس کے بعد بزم ثناء کرنول کے زیر اہتمام ایک طرحی ، غیر طرحی ومنقبتی مشاعرہ ہوگا، شہزادۂ آستانۂ اسحقیہ سید شاہ فقیر پاشاہ قادری بارگاہ رسالت ؐمیں نعت شریف کانذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔۳۰/شعبان المعظم مطابق 29 ؍جون بروز اتوار عرس شریف (چراغاں)مقرر ہیں، رات دس بجے فاضل وکامل جامعہ نظامیہ حیدرآباد وسجادہ نشین درگاہ شریف گنگاوتی کرناٹک مولاناسید شاہ خلیل اللہ قادری کی سیرۃ اولیاء پر تقریر ہوگی، اسکے بعدمحفل سماع منعقد ہوگی، جس میں شہر حیدرآباد سے عالمی شہرت یافتہ قوال اپناقوالی پروگرام پیش کریں گے۔ یکم /رمضان المبارک مطابق30؍ جون بروزپیر زیارت کے فاتحہ مقرر ہیں، صبح نو بجے قرآن خوانی ، گل فشانی ، سلام وشجرہ خوانی پیش کی جائے گی، اس کے بعد بدست سجادہ نشین تبرک تقسیم کیاجائے گا۔