آج دہلی کا حیدرآباد سے دکن میں مقابلہ

 

حیدرآباد۔4مئی (سیاست ڈاٹ کام)نئے کپتان شریس ایر کی قیادت میں بہتر کھیل دکھا رہی دہلی ڈیر ڈیولس کی ٹیم ناقص آغاز کی وجہ سے اب نازک موڑ پر پہنچ گئی ہے اور سر فہرست سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف کل یہاں اپل کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں اپنے اگلے میچ میں پلے آف کے کیلئے موقف کو بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔جدول میں آخری مقام پر کھسک چکی دہلی ڈیر ڈیولس نے کپتانی تبدیل کرنے کے بعد کہیں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور اس نے گزشتہ مقابلے میں گھریلو میدان پر راجستھان رائلس کے خلاف ڈک ورتھ لوئیس قوانین سے چار رنز سے میچ جیتا۔وہ اب نو میچوں میں تین فتوحات اور چھ ناکامیوں کے بعد چھٹے نمبر پر ہے اور پلے آف کی دوڑ میں رہنے کے لیے اس کے اگلے تمام میچوں میں جیت درکار ہے ۔دہلی کا مقابلہ اگرچہ کل حیدرآباد کی میزبانی میں ہونا ہے جس نے آٹھ میں سے دو ہی میچ گنوائیں ہیں ۔وہ چھ مقابلے جیت کر جدول میں 12 نشانات کے ساتھ اب چینائی سوپر کنگ کو پیچھے چھوڑکر سب سے اوپر پہنچ گئی ہے ۔کین ولیمسن کی کپتانی میں حیدرآبادی ٹیم نے راجستھان کو اپنے گزشتہ میچ میں 11 رنز سے شکست دی تھی۔حیدرآباد کی ٹیم جہاں اپنے گھریلو میدان پر اعتماد کے ساتھ جیت کیلئے اترے گی تو وہیں کپتان شریس کیلئے سرفہرست ٹیم حیدرآباد کو اسی کے گھر میں شکست دے کر خود کو ثابت کرنے اور ٹیم کو اگلی دوڑ میں برقرار رکھنے کی دہری ذمہ داری رہے گی۔دہلی نے اپنے جملہ جیتے ہوئے تین میچوں میں دو شریس کی قیادت میں جیتے ہیں لیکن حیدرآباد کو شکست دینا بڑا چیلنج ہوگا۔دہلی کو گزشتہ میچوں میں ملی کامیابی سے یقینا اس کا حوصلہ بلند ہے ۔ٹیم کے پاس پرتھوی شاہ، کولن منرو، کپتان شریس، رشبھ پنت، وجے شنکر، گلین میکسویل طور پر اچھا بیٹنگ شعبہ ہے ۔راجستھان کے خلاف اوپننگ میں 47 رن کی اہم اننگز کھیلنے والے نوجوان پرتھوی کی تکنیک کو تو اب بڑے کھلاڑی سچن ٹندولکر سے موازنہ کر رہے ہیں۔18 سالہ پرتھوی نے دہلی کے لیے چار ہی میچوں میں 35 کی اوسط سے 140 رن بنائے ہیں جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے ۔وہیں کپتان شریس پر بھی ٹیم رنز کے لئے منحصر ہے جنہوں نے نو میچوں میں دہلی کیلئے 51.16 کے اوسط سے 307 رن بنائے ہیں جس میں چار نصف سنچری شامل ہیں اور ناٹ آؤٹ 93 رنز ان کی بڑی اننگز ہے ۔وہیں رشبھ پنت نے 41.66 کے اوسط سے 375 رن بنائے ہیں اور ٹیم کے ٹاپ اسکورر ہیں۔انہوں نے اب تک ایک سنچری اور تین نصف سنچری بنائی ہیں۔پنت اور شریس کے کھیل میں تسلسل ہے اور حیدرآباد کے انتہائی مضبوط اور خطرناک بولروں کے سامنے ان پر ٹیم کو مستحکم آغازکی ذمہ داری ہوگی۔اگرچہ تجربہ کار آل راؤنڈر میکسویل نے اب تک بہت متاثر نہیں کیا ہے اور انہیں اپنے کھیل کو بہتر کرنا ہوگا۔دوسری طرف حیدرآباد نے اب تک اپنے بولروں کے دم پر مشکل میچ بھی جیتے ہیں اور چھوٹے سے چھوٹے اسکور کا بھی دفاع کیا ہے ۔ٹیم کے پاس کپتان ولیمسن (322)، شکھر دھون، منیش پانڈے ، یوسف پٹھان، شکیب الحسن کے طور پر اچھے بیٹسمین ہیں لیکن اس کا بولنگ مضبوط ہے جس میں سدھارتھ کول اور افغانستان کے راشد خان سب سے زیادہ کامیاب ہیں۔اس کے علاوہ شکیب ، سندیپ شرما، باسل تھمپی، یوسف بھی مسلسل بہترین بولنگ کر رہے ہیں جو دہلی کو پٹری سے آسانی سے اتار سکتے ہیں۔