نئی دہلی ۔28اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ہاکی ٹیم کی لیجنڈ کھلاڑی میجر دھیان چند کے 109ویں یوم پیدائش کے موقع پر ہاکی انڈیا نے ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ ان کے افراد خاندان سے اظہار تشکر بھی کیا۔ دھیان چند کی سالگرہ کے موقع پر ہندوستان بھر میں یوم اسپورٹس بھی منایا جاتاہے اور اس موقع پر ملک بھر میں اسپورٹس کے مختلف پروگرامس بھی منعقد کئے جاتے ہیں ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ہاکی انڈیا کے صدر مری اماں کوشی نے کہا کہ آنجہانی میجر دھیان چند ایک ایسے کھلاڑی تھے جن کے کھیل پر ہمیں فخر ہے ۔ دھیان چند ہندوستان کیلئے ایک ایسے کھلاڑی رہے جن کا میدان پر حریف ٹیم بھی اعتراف کرتی تھی۔ دھیان چند کا تعلق ہندوستان سے ہونے پر ہمیں فخر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک کھلاڑی کیلئے اس سے بڑا اعزاز کیا ہوسکتا ہے کہ اُ س کے یوم پیدائش پر ملک میں قومی اسپورٹس ڈے منایا جاتا ہے ۔ 29اگست 1905ء کو پیدا ہوئے میجر دھیان چند کو تاحال دنیا کا سب سے بہترین ہاکی کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے جن کی صلاحیتیں اور گول کرنے کی رفتار کافی حیران کن تھی ۔ دھیان چند نے 1928ء ‘1932ء اور 1936میں ہندوستان کو گولڈ میڈل دلوایا ہے۔