کولکتہ۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش کارتک واقف ہوں گے کہ جب ان کی کولکاتا نائٹ رائڈرس کل یہاں اپنے گھریلو ایڈن گارڈن میدان پر سرفہرست ٹیم تجربہ کار وکٹ کیپر کپتان مہندر سنگھ دھونی کی چینائی سوپر کنگ سے نبرد آزما ہوگي تو انہیں جیت کے لیے بہت سے ‘منصوبے’ لے کر اترنے ہوں گے ۔ایڈن گارڈن میدان پر جمعرات کی رات ہونے والے آئی پی ایل میچ میں وکٹ کیپر کارتک کی ٹیم کے سامنے اپنی تال بنائے رکھنے کا بھی چیلنج ہوگا۔ کے کے آر نے ٹورنمنٹ کے موجودہ سیزن میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف گھریلو میدان پر پہلا میچ چار وکٹ سے ، حیدرآباد سے پانچ وکٹ سے ، دہلی ڈئیر ڈیولس سے71 رنز سے جیتا تھا لیکن پھر اپنے میدان پر ہی وہ کنگز الیون پنجاب کے خلاف نو وکٹ سے میچ ہار بیٹھی۔سال 2012 اور 2014 کی فاتح ٹیم کولکتہ نے اپنا آخری میچ بنگلور میں بنگلور کے خلاف چھ وکٹوں سے جیتا ہے اور اس نے کارتک کا حوصلہ بلند کیا ہے جنہیں امید ہے کہ وہ جب چینائی کی میزبانی کریں گے تو اسی سلسلہ کو برقرار رکھ پائیں گے ۔اگرچہ مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم کے سامنے انہیں پلان اے ہی نہیں بلکہ بی اور سی بھی لے کراترنا ہوگا جو فی الحال آٹھ میچوں میں چھ جیت اور دو شکست کے بعد ٹیموں کے جدول میں پہلے مقام پر فائزہے ۔کولکاتہ کا سفر اتار چڑھاو رہا ہے اور اس نے آٹھ میچوں میں چار ہارے ہیں اور چار جیتے ہیں۔وہ فی الحال چوتھے نمبر پر ہے اور اس کے پاس آئندہ میچوں میں جیت کے ساتھ صورت حال بہتر بنانے کا موقع ہے کیونکہ پانچویں نمبر پر موجود بنگلور اور چھٹے نمبر کی راجستھان دونوں کے یکساں چھ نشانات ہیں اور وہ آئندہ میچوں میں مساوات بدل سکتی ہیں۔کولکتہ اور چینائی کے درمیان گزشتہ میچ میں دھونی کی ٹیم نے ایک گیند باقی رہتے پانچ وکٹ سے دلچسپ کامیابی درج کی تھی۔حیران کن طورپر کے کے آر چھ وکٹ پر 202 رن کے بڑے اسکور تک کا دفاع نہیں کر سکی تھی۔کے کے آر کو اس مرتبہ ماضی کی غلطیوں سے بچنا ہو گا جس میں بولروں کا اہم کردار ہوگا۔
بنگلور نے مجھے دھوکہ دیا:گیل
ممبئی۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے اسٹار اوپنرکرس گیل اپنی سابق آئی پی ایل فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کے دھوکہ دینے پر ناراض ہیں۔ گیل نے کہا ہے کہ آرسی بی نے کہا تھا کہ مجھے ٹیم میں برقرار رکھا جائے گا لیکن پھر انھوں نے وعدہ پورا ہی نہیں کیا۔گیل نے آپی پی ایل میں اپنی نئی ٹیم کنگز الیون پنجاب کی جانب سے رواں سیزن میں اب تک 4 میچز میں 252 رنز بنائے ہیں۔ گیل کے بموجب بنگلور کا اہم کھلاڑی تھا لیکن آخر میں مجھے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، انھوں نے مجھے کال کی تھی کہ وہ مجھے ٹیم میں دیکھنا چاہتے ہیں اور مجھ سے کہا گیا کہ وہ مجھے برقرار رکھیں گے لیکن پھر ان کی جانب سے مجھے کوئی کال ہی موصول نہیں ہوئی جس سے میں نے جان لیا کہ وہ مجھے ٹیم میں نہیں رکھنا چاہتے۔گیل نے اس بات پر بھی حیرت ظاہر کی کہ انھیں اس مرتبہ ہوئی نیلامی میں شروع میں کسی بھی ٹیم نے نہیں خریدا تاہم کنگز الیون پنجاب کا حصہ بننے پر خوش ہوں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ آخر مجھے آئی پی ایل سے ہی نہیں دوسری طرز کی کرکٹ سے بھی الگ تو ہونا ہی ہے، میں آگے کی فکر نہیں کرتا، میں حال میں جیتا ہوں اور اس وقت فارم میں ہوں ۔