آج جنوبی افریقہ بمقابلہ یو اے ای

ویلنگٹن ۔ 11 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے پول بی میں دوسرا مقام حاصل کرنے اور سری لنکا کے خلاف کوارٹر فائنل میچ مقرر کرلینے کا زرین موقع حاصل ہورہا ہے جیسا کہ انھیں کل یہاں متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) سے کھیلنا ہے ۔ جنوبی افریقہ نے پانچ میچوں میں سے اب تک 3جیتے ہیں ۔ اے بی ڈی ویلیرز زیرقیادت پروٹیز کیلئے لوور آرڈر کا مظاہرہ کچھ پریشانی کا معاملہ ثابت ہوا ہے اور جمعرات کی صبح جب فٹنس ٹسٹ ہوگا تو انھیں تیز بولر ورنن فلانڈر کے تعلق سے بھی تجسس رہے گا کہ آیا وہ میچ کیلئے فٹ ہوتے ہیں یا نہیں ۔ آفریقی ٹیم نے رواں ٹورنمنٹ میں شروعات اچھی کی تھی مگر ہندوستان اور پاکستان کے خلاف شکست نے ڈی ویلیرس کے اسکواڈ کی بڑے ٹورنمنٹس میں کارکردگی پر پھر سوالیہ نشان لگادیا ہے ۔ اس کے باوجود جنوبی افریقہ بدستور پسندیدہ ٹیم ہے کیونکہ موجودہ فارمیٹ اُسے اب بھی خطابی مقابلے تک پہونچاسکتا ہے ۔

رحیم لیگ فٹبال
حیدرآباد ، 11 مارچ ( ای میل )رحیم لیگ کے تحت آج سی سی او بی نے سنٹرل اکسائیز کو جمخانہ گراؤنڈ پر 3-0 سے واضح شکست دی ۔ عظیم نے 2 اور عزیز نے ایک گول اسکور کیا۔ دن کا دیگر مقابلہ حیدرآباد اسپورٹنگ اور عباس یونین کے درمیان 1-1 سے ڈرا ہوا ۔ نصرت اور اسلم نے گول بنائے ۔ جی پی پالگنا آنرری سکریٹری ٹی ایف اے کی اطلاع کے بموجب گزشتہ روز کے مقابلوں میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے (ایس سی آر) کو کامیابی ملی جبکہ دیگر مقابلہ ڈرا ہوگیا۔ اے او سی گراؤنڈز پر ایس سی آر نے اے پی ایس آر ٹی سی کو 3-1 سے شکست دی، جس میں ایڈوین (2 گول) اور وجئے کمار نے فاتح ٹیم کی طرف سے گیند گول پوسٹ میں ڈالی۔
آر ٹی سی ٹیم کا واحد گول محی الدین نے اسکور کیا۔ بی ڈی ایل اور ڈی ایم آر ایل نے 1-1 سے ڈرا کھیلا، جس میں ترتیب وار ٹیم کیلئے گنیش اور ڈیوڈ نے گول بنائے۔