آج تیسرے ٹسٹ کا آغاز‘ ہندوستان کو کرویا مرو صورتحال

ملبورن۔25ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) متواتر دو ناکامیوں اور ڈریسنگ روم تنازعہ سے پریشان ہندوستانی ٹیم کو کل یہاں آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والے تیسرے ٹسٹ میں کامیابی ضروری ہے تاکہ وہ سیریز میں باقی رہ سکے جب کہ دوسری جانب میزبان ٹیم جسے 4مقابلوں کی رواں سیریز میں 2-0کی سبقت حاصل ہے وہ یہاں مقابلے کو صرف ڈرا کرتے ہوئے بھی بارڈر ۔ گواسکر ٹرافی پر دوبارہ قبضہ کرسکتی ہے

جب کہ ہندوستانی ٹیم کو سیریز میں اپنے خطاب کا دفاع کرنے کیلئے مابقی دو مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنی ضروری ہے ۔ ٹرافی پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کے علاوہ ہندوستانی ٹیم کیلئے کامیابی اس لئے بھی ضروری ہے کہ تاکہ وہ بیرون ملک مسلسل ناکامیوں کے سلسلہ کو توڑ سکے کیونکہ اسے یکے بعد دیگر بیرون ملک سیریز میں شکست برداشت کرنی پڑرہی ہے اور مہیندر سنگھ دھونی کی قیادت میںہندوستانی ٹیم کا بیرون ملک ریکارڈ مسلسل خراب ہورہا ہے ۔ آسٹریلیائی ٹیم جس نے اڈیلیڈ میں منعقدہ پہلے مقابلہ میں 48رنز اور برسبین میں منعقدہ دوسرے ٹسٹ میں 4وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں ناقابل شکست 2-0کی کامیابی حاصل کرلی ہے اور اب کل یہاں ملبورن میں شروع ہونے والے باکسنگ ٹسٹ میں کامیابی کے ذریعہ سیریز پر اپنا قبضہ بنانے کی خواہاں ہوگی۔ 2011-12ء انگلینڈ کے دورہ کے بعد سے تاحال ہندوستانی ٹیم کو بیرون ملک منعقدہ پانچ ٹسٹ سیریزوں میں مسلسل شکست ہوئی ہے ۔

ہندوستانی ٹیم کو مسلسل 6 بیرون ملک سیریزوں میں 1932ء تا 1953ء کے درمیان ہوئی تھی ۔ ہندوستان نے 1932ء میںانگلینڈ کا پہلا دورہ کیا تھا جس کے بعد 1953ء میں ویسٹ انڈیز کے پہلے دورہ تک اسے مسلسل 6سیریزوں میں ناکامی برداشت کرنی پڑی ۔ اس دوران ہندوستانی ٹیم نے بیرون ممالک 21مقابلے کھیلے جس میں اسے 12ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ۔ ابتدائی دور میں ہندوستانی ٹیم ایک کمزور ٹیم تصور کی جاتی تھی لیکن حالیہ دنوں میں ہندوستان کرکٹ کی ایک طاقتور اور چمپئن ٹیم ہے لیکن اسے مسلسل بیرون ملک ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ آسٹریلیا کے دورہ پر ہندوستانی کھلاڑی ویراٹ کوہلی ‘ روہت شرما ‘ شکھر دھون ‘ مرلی وجئے اور ایشانت شرما گذشتہ مقابلے کے دوران اپنے غصہ پر قابو نہیں رکھ پائے تھے ۔

میدان میں ناقص مظاہروں کے علاوہ کھلاڑیوں کا برتاؤ بھی بہتر نہیں ہے ۔ تیسرے ٹسٹ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں ایک سے زائد تبدیلیوں کا امکان ہے جیسا کہ روہت شرما کے مقام پر مڈل آرڈر میںسریش رائنا اور شکھر دھون کے مقام پر نوجوان بیٹسمین کے ایل راہول کو آزمائے جانے کی اُمید ہے ۔ مڈل آرڈر میں روہت شرما نے تاحال آسٹریلیا میں 43 ‘ 6 ‘ 32اور صفر رنز بنائے ہے جو کہ ایک باصلاحیت بیٹسمین کا معیاری مظاہرہ نہیں ہے ۔ نیٹ سیشن کے دوران نہ صرف راہول نے زیادہ پریکٹس کی بلکہ سریش رائنا کو بھی نیٹ پریکٹس میں روہت شرما سے پہلے کھیلنے کا موقع دیا گیا ہے ۔ بولنگ شعبہ میں ایشانت شرما ‘ اومیش یادو ‘ محمد سمیع اور ورن ارون نے نیٹ پریکٹس کی ہے تاہم تین بولروں کاقطعی فیصلہ مقابلے سے قبل ممکن ہے ۔