ملبورن۔25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)بی سی سی آئی نے میلبورن میں کل آسٹریلیا کے ساتھ کھیلے جانے والے تیسرے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا جس میں لوکیش راہول اور مرلی وجے کی اوپننگ جوڑیکو باہر کر دیا گیا ہے جبکہ صحتیاب ہونے والے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔ اڈیلیڈ اور پرتھ ٹسٹ میں مایوس کن کارکردگی کرنے والے راہول اور مرلی دونوں کو تیسرے ٹسٹ سے باہر رکھا گیا ہے جس سے واضح ہے کہ ہندوستان میلبورن میں نئی جوڑی کے ساتھ اترے گا۔ پرتھ ٹسٹ میں زخمی کی وجہ سے باہر رہنے والے ونڈے کے ماہر روہت شرما اور تنازعات میں گھرنے والے جڈیجہ دونوں فٹ ہوکر ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مینک اگروال کا بھی ٹسٹ میں کھیلنا یقینی مانا جا رہا ہے جنہیں ٹیم میں جگہ دی گئی ہے ۔ ہندوستان اور آسٹریلیا چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں1-1 سے برابر ہیں اور کرسمس کے اگلے دن کھیلے جانے والے باکسنگ ڈے ٹسٹ میں دونوں ٹیمیں برتری حاصل کرنے کی کوششیں کریں گی۔ امید ہے کہ مینک اور ہنوما وہاریکواوپنرس کے طور پر اتارا جائے گا۔ مڈل آرڈر میں چھٹے نمبر کے بیٹسمین روہت فٹ ہونے کے بعد واپسی کر رہے ہیں، لیکن تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون اب بھی پیٹ کی تکلیف سے ابھر نہیں پائے ہیں ۔ ہندستان نے اڈیلیڈ میں پہلا میچ 31 رنز سے اپنے نام کیا تھا لیکن پرتھ میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں وہ146 رنز سے شکست کے بعد چار میچوں کی سیریز میں 1-1 کی برابری پر آ گیا ہے ۔ دریں اثناء میلبورن ٹسٹ برتری کے لحاظ سے ہندستان کے لیے اہم ہو گیا ہے ۔ کوہلی کی پسندیدہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا بھی فٹ ہو چکے ہیں لیکن ٹیم میں اضافی بیٹسمین کھلانے کی امید کے ساتھ روہت کو موقع دیا گیا ہے ۔ ہندستانی ٹیم کو گزشتہ دونوں ٹسٹ میچوں میں بیٹسمینوں سے مایوسی ہوئی ہے جس میں اوپننگ جوڑی کا بیرون ملک ناقص مظاہرے سر درد مسلسل بنا رہا۔ مسلسل موقع دیئے جانے کے باوجود راہول اور مرلی ٹیم کو اچھی شروعات دلانے میں ناکام رہے ہیں۔ راہول نے گزشتہ میچوں کی چار اننگز میں کل48 رنز ہی بنائے ہیں۔ انہوں نے غیر ملکی زمین پر اپنے نو ٹسٹ میچوں میں صرف ایک 50 سے زائد کا اسکور ہی بنایا ہے ۔ مرلی نے موجودہ سیریز میں اپنی چار اننگز میں49 رنز ہی بنائے ہیں۔ اس سال مرلی نے اپنے آٹھ ٹسٹ میچوں میں صرف افغانستان کے خلاف ایک سنچری بنائی ہے جبکہ بیرونی دوروں میں اپنے سات ٹسٹ میچوں میں وہ ایک بھی نصف سنچری تک نہیں بنا سکے ہیں۔ پرتھ میں مرلی پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے تو دوسری اننگز میں 20 رنز بنا سکے تھے ۔ انتظامیہ نے ٹیم کے لئے نوجوان اوپنر پرتھوی شا کے مشق کے دوران زخمی ہو جانے سے بھی اوپننگ جوڑی میں اختیارات کم ہوئے تھے ۔بولروں نے اب تک تسلی بخش کارکردگی کی ہے ۔ پرتھ میں ٹیم کو ایک اسپنر کی کمی محسوس ہوئیتھی جبکہ فاسٹ بولنگ شعبہ میں ایشانت شرما، جسپریت بمراہ اور محمد سمیع کے ساتھ جڈیجہ کی موجودگی سے بولنگ کافی متوازن دکھائی دے رہی ہے ۔ جڈیجہ کو چوتھے فاسٹ بولر امیش یادو کی جگہ آخری الیون میں موقع ملا ہے ۔ آسٹریلیائی ٹیم نے بھی میلبورن میچ کے لئے ایک تبدیلی کی ہے اور ناقص فارم کے شکا پیٹر ہیڈاسکوب کی جگہ آل راؤنڈر مچل مارش کو ٹیم میں جگہ دی ہے ۔ملبورنکی پچ بھی اس بار بحث کا موضوع ہے جس میں حالات دونوں ٹیموں کو حیران کر سکتی ہے ۔ گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ کے دوران اس پچ کو آئی سی سی نے ’خراب‘ قراردیا تھا جہاں میچ ڈرا ہوا تھا ہند۔آسٹریلیا ٹسٹ میں بھی یہ پچ میں بڑا فرق پیدا کر سکتی ہے ۔