آج آفریقہ ۔ انگلینڈ دوسرے ٹسٹ کا آغاز علیم ڈار کی امپائرنگ کا 100 واں مقابلہ

کراچی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی امپائر علیم ڈار جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹسٹ میچ میں اپنی امپائرنگ کی سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے امپائر ہوں گے۔ آئی سی سی کے مطابق علیم ڈار 2 جنوری  کیپ ٹاؤن میں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میچ میں اپنے فرائض انجام دیں گے یہ ان کے کیرئر کا 100واں ٹسٹ میچ ہوگا۔ 47 سالہ علیم ڈار نے اپنے 12 سالہ فرسٹ کلاس کرکٹ کیرئر میں 17 میچ کھیلے ہیں۔ فرسٹ کلاس سے سبکدوشی کے بعد علیم ڈار نے امپائرنگ میں اپنا کیرئر بنا لیا اور 2000 میں پہلی مرتبہ گجرانوالہ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ونڈے میچ میں بطور امپائر میدان میں کھڑے ہوئے۔ ٹسٹ کرکٹ میں ان کا پہلا میچ 2003 میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان ڈھاکہ میں تھا۔ انھوں نے اب تک 99 ٹسٹ، 178 ونڈے اور 35  ٹوئنٹی20  مقابلوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے ہیں۔ 2004 میں علیم ڈار کو آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل کرلیا گیا تب سے وہ دنیا بھر میں آئی سی سی کے بڑے معتبراور قابل احترام امپائروں میں شمار ہوتے ہیں۔علیم ڈار کو 2009، 2010 اور 2011 میں مسلسل تین مرتبہ آئی سی سی کی جانب سے سال کے بہترین امپائر کا ایوارڈ دیا گیا۔علیم ڈار کو 2011 میں پاکستان کا اعلیٰ سول اعزاز ‘پرائڈ آف پرفارمنس’ دیا گیا جبکہ 2013 میں انھیں پاکستان کا تیسرا بڑا اعزاز ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ دو جنوری کو علیم ڈارٹسٹ میچوں میں امپائرنگ کی سنچری کرنے والے آئی سی سی کے تیسرے امپائر بن جائیں گے۔