برسبین 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)خطاب کیلئے پسندیدہ ٹیم آسٹریلیا کل یہاں پول اے میں کھیلے جانے والے مقابلے میں بنگلہ دیش کے خلاف ایک آسان کامیابی کیلئے پُر امید ہے لیکن مقابلے کے مکمل ہونے کے امکانات موہوم ہوچکے ہیں کیونکہ طوفان مارشیاء کی وجہ سے یہ مقابلہ بارش کی نذر ہوسکتا ہے ۔ ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبان ٹیم آسٹریلیا نے اپنی قدیم حریف ٹیم انگلینڈ کے خلاف ایک جامع کامیابی کے خلاف ورلڈ کپ کا آغاز کیا ہے جبکہ بنگلہ دیش نے ٹورنمنٹ میں اپنا پہلا مقابلہ ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ شرکت کررہی افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلا اور تھوڑی سی محنت سے اسے کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ میزبان ٹیم کیلئے خوشخبری ہے کہ کپتان مائیکل کلارک اس مقابلے کے لئے مکمل فٹ قرار دے دیئے گئے ہیں اور وہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ کلارک کی واپسی کے بعد آسٹریلیا ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا امکان ہے جیسا کہ کلارک کی آمد کے بعد کار گذار کپتان جارج بیلی قطعی 11 کھلاڑیوں سے باہر ہوجائیں گے حالانکہ گذشتہ مقابلے میں پہلی ہی گیند پر آوٹ ہونے والے آل راونڈر شین واٹسن کو خارج کئے جانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں بولنگ شعبہ میں بھی تبدیلی کا امکان ہے جیسا کہ فاسٹ بولر پاٹ کمنس کی بھی ٹیم میں شمولیت کی بات کہی جارہی ہے جو کہ مچل اسٹارک ‘جوش ہزل ووڈ اور مچل جانسن کے ساتھ ٹیم میںشامل رہیں گے ۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم جس نے ماضی میں بھی آسٹریلیا کو حیران کو طور پر شکست دی ہے وہ اس مظاہرہ کو دوہرانے کی کوشاں ہے ۔