آتشزدگی کے دوران جھلس جانے والا نوجوان فوت

محبوب نگر۔/13 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یہ خبر افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ شہر کے نوجوان محمد عبدالقادر کا آج صبح 7 بجے گاندھی ہاسپٹل حیدرآباد میں انتقال ہوگیا۔ مرحوم تقریباً 30 برس کے تھے اور جناب محمد خلیل مالک کے کے فرنیچر محبوب نگر کے فرزند تھے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ گزشتہ اتوار کی نصف شب کے بعد کے کے فرنیچر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی اور اسی حادثہ میں عبدالقادر تقریباً 90فیصد جھلس گئے تھے۔ جنہیں گاندھی ہاسپٹل حیدرآباد میں شریک کروایا گیا تھا جو آج صبح شدید زخموں سے جانبرنہ ہوسکے اور داعی اجل کو لبیک کہا۔ نماز جنازہ آج بعد نماز عشاء مسجد محمدی آمنہ ( گول مسجد ) میں ادا کی گئی اور تدفین قبرستان پرانا گاؤں میں عمل میں آئی۔ نماز جنازہ اور تدفین میں مذہبی ، سیاسی اور سماجی قائدین کے علاوہ تاجرین شہر کی بڑی تعداد شریک تھی۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک کمسن لڑکا بھی شامل ہے۔ مقامی ایم ایل اے سرینواس گوڑ نے بھی مرحوم کے علاج کے دوران گاندھی ہاسپٹل پہنچ کر عیادت کی اور آج بھی ان کے مکان پہنچ کر والدین اور ارکان خاندان کو پرسہ دیا۔ ان کے ہمراہ امتیاز اسحاق ، تقی حسین تقی اور محمد ذکی و دیگر موجود تھے۔