یلاریڈی۔/29جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل لنگم پیٹ کے شٹ پلی سنگاریڈی موضع میں منگل کی رات 10بجے پیش آئے آتشزدگی حادثہ میں ایک کسان بالیا کی جھونپڑی جل کر خاکستر ہوگئی جس کے قریب بندھی ہوئی پانچ بکریاں بھی زندہ جل گئیں۔ تفصیلات کے مطابق بالیا اپنے خاندان کے ساتھ منڈل نا گی ریڈی پیٹ کے موضع واڑی میںاپنے رشتہ داروں کے پاس گیا ہوا تھا ۔ رات دیر گئے اس کی جھونپڑی کو حادثاتی طور پر آگ لگ جانے سے اطراف کے لوگوں نے اسے بجھانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔یلاریڈی فائر بریگیڈ نے مقام حادثہ پہنچ کر آگ بجھائی۔ فائر بریگیڈ کے آنے تک جھونپڑی مکمل جل کر خاکستر ہوگئی۔ اس میں موجود پانچ بکریاں بھی زندہ جل گئیں اور تین کنٹل چاول، کپڑے، گھریلو سامان، چاندی، سونے کے زیورات جل کر خاکستر ہوگئے جس میں ایک لاکھ روپئے کے نقصان کااندازہ ہے۔
سڑک حادثہ میں طالب علم ہلاک
کوہیر۔/29جنوری،(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کوہیر منڈل کے موضع دیگوال میں سڑک حادثہ میں ایک طالب علم ہلاک ہوگیا۔ سب انسپکٹر پولیس کوہیر پی ستیہ نارائنا کے مطابق موضع دیگوال میں قومی شاہراہ نمبر 65 پر محمد فیاض الدین عمر 18سال اپنی زرعی باؤلی کو جاکر واپس آرہے تھے کہ ایک تیز رفتار لاری نے ان کی سیکل کو پیچھے سے ٹکر دے دی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔108ایمبولنس کے ذریعہ ظہیرآباد گورنمنٹ ہاسپٹل جاتے وقت راستہ میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔