رکن اسمبلی نظام آباد گنیش گپتا کی صحافیوں سے بات چیت
نظام آباد:2؍ فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن اسمبلی نظام آباد اربن بیگالہ گنیش گپتا نے نظام آباد کے صحافیوں کے ساتھ ایک اجلاس کارپوریٹر ایم اے قدوس کی قیام گاہ پر منعقد کیا ۔ اس اجلاس میں اُردو سے وابستہ مقامی اور حیدرآباد سے شائع ہونے والے اخبارات کے نمائندوں کے علاوہ کارپوریٹر ایم اے قدوس ، سجادہ نشین درگاہ بابن صاحب پہاڑی سید مقصود عالم شاہ کے علاوہ ٹائون ٹی آرایس اقلیتی سیل صدر عمران شہزاد و دیگر بھی موجودتھے ۔ مسٹر گنیش گپتا نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد رکن اسمبلی کی حیثیت سے منتخب ہوکر دو سال کا وقفہ گذر گیا ہے لیکن ابھی تک بھی کوئی ٹھوس کام انجام نہیں دئیے گئے موسم گرما میں نظام آباد کی عوام کو آبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کرتے ہوئے موسم گرمامیں شہر کی عوام کو پانی کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ سارے تلنگانہ میں پانی کی شدید قلت تھی لیکن شہر میں کسی بھی مقام پر پانی کے متعلق کوئی شکایت نہیں وصول ہوئی اور چیف منسٹر مسٹر چند ر شیکھر رائو نے آبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے فنڈس کی منظوری میں بے حد دلچسپی دکھائی جس کی وجہ سے موسم گرما میں پانی کی سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ۔ اسی طرح زیر زمین میں انڈر گرائونڈ ڈرینج کی تعمیر کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں اور سڑکوں کی تعمیر کیلئے بھی سنجیدہ اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈ روم اسکیم کے تحت مسلم طبقات کو علیحدہ طور پر دھرم پوری ہلز کے علاقہ میں ڈبل بیڈروم اسکیم تعمیر کرتے ہوئے سہولت فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شہر کی ترقی کیلئے اپنے زرین مشوروں سے آگاہ کرنے کی خوہش کرتے ہوئے صحافیوں سے بھی خواہش کی کہ شہر کی ترقی میں صحافیوں کا مشورہ قابل قبول ہے لہذا وقتاً فوقتاً مشوروں سے آگاہ کرنے کی خواہش کی ۔ گنیش گپتا ایم اے قدوس کی قیام گاہ پہنچنے پر ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی گلپوشی و شال پوشی کی گئی ۔ اس موقع پر ایم اے جلیل ، افسر خان کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔