آبی بحران پر قابو پانے کیلئے ہرممکنہ اقدامات

کورٹلہ ۔ 30 ۔ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کورٹلہ ٹاؤن کے ٹی آر ایس پارٹی آفس میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ نظام آباد نے کہا کہ پینے کے پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے ایم پی فنڈس سے بلدیہ کورٹلہ کیلئے 36 لاکھ اور مٹ پلی کو 30 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے مسئلہ کو دور کرنے کیلئے قبل ازیں اقدامات کئے گئے ۔ ٹی آر ایس حکومت آبی بحران پر قابو پانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹی آر ایس حکومت بہت جلد آبی بحران پر قابو پالے گی ۔ مشین کاکتیہ اسکیم کے تحت تالابوں سے مٹی کی نکاسی کر کے سطح آب میں اضافہ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے کسانوں کو کاشت کرنے کیلئے کافی مقدار میں پانی دستیاب رہے گا ۔ شریمتی کویتا نے کہا کہ مشن کاکتیہ اسکیم میں بے قاعدگیوں کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ مشین کاکتیہ اسکیم کے تحت شعبہ زراعت میں ایک انقلاب پیدا کیا جائیگا ۔ شریمتی کویتا نے کہا کہ کورٹلہ ٹاون میں وٹرنری کالج کو بہت جلد یونیورسٹی کا درجہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہ کام بہت جلد پایہ تکمیل کو پہونچ جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کورٹلہ ٹاون میں کورٹ کی بلڈنگ چھوٹی ہونے اور یہ بلڈنگ کرایہ کی ہونے کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات ہورہی ہیں ۔ عوام کی دشواریوں کے مدنظر کورٹلہ ٹاون میں بہت جلد کورٹ کی ذاتی بلڈنگ تعمیر کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد میں تعلیمیافتہ بے روزگار نوجوانوں کو جو بے روزگاری کے سبب پریشان ہیں ان تعلیمیافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد میں صنعتوں کا قیام عمل میں لایا جائیگا ۔

شریمتی کویتا نے کہا کہ مٹ پلی منڈل بالخصوص شوگر فیکٹری کے جو بھی مسائل ہیں ساتھ ہی ساتھ کسانوں کے مسائل فوری حل کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ شوگر فیکٹری کی کراشینگ کی گنجائش کو بھی بڑھایا جائیگا ۔ کسانوں کو گنے کی کاشت کرنے کی ترغیب دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر منعقدہ تلنگانہ گرجنا میں لاکھوں عوام کی شرکت پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹی آر ایس کی عوامی طاقت کا زبردست مظاہرہ پر شرکاء سے اظہار تشکر کیا ۔ کویتا نے رکن اسمبلی جگتیال جناب جیون ریڈی کے اس بیان پر جس میں انہوں نے ٹی آر ایس سربراہ جناب کے چندرا شیکھر راؤ پر شدید تنقید کی تھی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی حکومت اور جناب کے چندرا شیکھر راو پر تنقیدیں کرنا اپوزیشن پارٹیوں کی عادت بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ حکومت پر الزام تراشی کرنا بند کردیں ۔ انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں کے اس رویہ کو آسمان پر تھوکنے کے مماثل قرار دیا ۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرمین کریم نگر شریمتی ٹی راما ، صدرنشین مجلس بلدیہ کورٹلہ جناب شیلم وینوگوپال ، چیرمین مجلس بلدیہ مٹ پلی اوما رانی ، نائب صدرنشین مجلس بلدیہ جناب محمد رفیع الدین ، صدر ٹی آر ایس پارٹی کورٹلہ جناب انم انیل ، کمشنر مجلس بلدیہ شریمتی وائی ریڈی ، جناب محمد یسین پاشاہ ایڈوکیٹ و کوآپشن ممبر جناب سید فہیم صدر اقلیتی سیل ٹی آر ایس پارٹی جناب محمد انور جناب محمد عبدالوہاب کونسلر مجلس بلدیہ کورٹلہ کے علاوہ ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں و قائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے بھاری حفاظتی بندوبست کئے گئے ۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جگتیال جناب راجندر کے نگرانی میں سرکل انسپکٹر آف پولیس کورٹلہ جناب سریندر نے انتظامات کا جائزہ لیا ۔