آبدوز کشتی کے لاپتہ افسران کی موت کی توثیق

ممبئی ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آبدوز کشتی آئی این ایس سندھورتنا جو ممبئی ساحل سے دور حادثہ کا شکار ہوگئی تھی، ہندوستانی بحریہ کے مطابق اس کے دو افسران لاپتہ ہوگئے تھے لیکن آج ان کی موت کی توثیق ہوگئی۔ لیفٹننٹ کمانڈر کپٹن منوال اور لیفٹننٹ منورنجن کمار کی نعشیں آبدوز کے ایک حصہ میں پائی گئیں جسے بندرگاہ تک لایا گیا ہے۔ قبل ازیں دونوں افسران کو لاپتہ قرار دیا گیا تھا لیکن آبدوز کے ہی ایک کمپارٹمنٹ میں دونوں کی نعشیں پائی گئیں۔ بحریہ کے ڈاکٹر نے افسران کی طبی جانچ کرتے ہوئے انہیں مردہ قرار دیا۔

پشوپتی ناتھ مندرمیں
ایس بی آئی بینک کاونٹر
نئی دہلی۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نیپال ایس بی آئی بینک جو اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی ہی معاون ہے، نے کھٹمنڈو کے پشوپتی ناتھ مندر میں بینک کا کاونٹر شروع کیا ہے۔ نیپال ایس بی آئی بینک نے اپنے ایک بیان میں کہا پشوپتی کاونٹر کے ذریعہ تمام بینکنگ خدمات بشمول ڈپازٹ کلکشن، پشوپتی ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کو نقد رقم کی ادائیگی اور ملازمین کو بھی رقومات کی ادائیگی شامل ہیں۔ مندر میں عقیدتمندوں کی جانب سے خصوصی پوجا کیلئے ادا کی جانے والی رقومات بھی اسی بینک میں وصول کی جائے گی جبکہ مستقبل قریب میں پشوپتی علاقہ میںاے ٹی ایم کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ بینک خدمات کا آغاز شیوراتری کے مبارک موقع پر کیا جارہا ہے۔