ظہیرآباد /26 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) صفاء بیت المال شاخ ظہیرآباد کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی میونسپلٹی ظہیرآباد کے اہم مقامات پر قائم کئے گئے آبدار خانوں کا مختلف سرکاری افسران کے ہاتھوں رسم افتتاح انجام دی گئی ۔ پولیس اسٹیشن کے باہر قائم کردہ آبدار خانہ کا افتتاح ایس آئی ظہیرآباد مسٹر شیولنگم نے کیا جبکہ سرکاری دواخانہ کے باہر قائم کئے گئے آبدارخانہ کا افتتاح سپرنٹنڈنٹ گورنرمنٹ ہاسپٹل شریمتی کرن مائی اور فلائی اوور برج کے پاس نصب کردہ آبدارخانہ کا افتتاح میونسپل کمشنر مسٹر سدھاکر راؤ کے ہاتھوں کیا گیا ۔ اس موقع پر رسم افتتاح انجام دینے والے سرکاری افسران نے ملے جلے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صفاء بیت المال کی فلاحی خدمات کی سراہنا کی اور آبدار خانوں کے قیام کو موسم گرما کی ضرور قرار دیا ۔ ان افسران نے خدمت خلق کو ایک عظیم عبادت قرار دیتے ہوئے اس طرح کی خدمات انجام دینے والوں کے ساتھ اپنے ہر طرح کے تعاون کو یقین دلایا ۔