آبائی صوبہ کو واپسی میں والد کی رکاوٹ پر بیٹے کی خودکشی

حیدرآباد /2 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) آبائی صوبہ کو واپسی میں والد کی رکاوٹ سے دلبرداشتہ ایک نوجوان نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ مائیلادیوپلی پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 18 سالہ وکاس کمار سروج نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ سروج لکشمی گوڑہ راجندر نگر علاقہ کے ساکن رامجیون کا بیٹا تھا ۔ جن کا آبائی مقام اترپردیش بتایا گیا ۔ سروج اپنے والد کے ہمراہ 20 دن قبل حیدرآباد روزگار کی تلاش میں منتقل ہوا تھا اور یہاں مائیلادیوپلی کے علاقہ میں ایک المونیم فیاکٹری میں ملازمت کر رہا تھا ۔ گذشتہ روز اس نوجوان نے اپنے والد سے کہا تھاکہ وہ اپنے وطن واپس ہونا چاہتا ہے اور تعلیم حاصل کرنے کی خواہش رکھتا ہے ۔ جس پر اس کے والد نے اسے منع کردیا اور کام پر توجہ دینے کی تاکید کی کل رات رام جیون اپنی نائیٹ ڈیوٹی پر تھا اور سروج مکان میں اکیلا تھا جس سے سمجھا جارہا ہے کہ خودکشی کرلی ہوگی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔