سنگاپور ۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) منیلا میں شائقین کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی کے بعد آئی پی ٹی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایرک گوٹ اشکالک نے کہا ہیکہ دہلی میں بھی آئی پی ٹی ایل کے مقابلوں کی بڑی کامیابی متوقع ہے جیسا کہ یہاں 6 یا 8 ڈسمبر یہ مقابلے منعقد ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان ہمارا ایک پسندیدہ میدان ہوگا جہاں ٹینس کے اسٹار کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے شائقین کی کثیر تعداد موجود رہے گی جیسا کہ پہلے ہی ٹکٹیں مکمل فروخت ہوچکی ہیں۔ ایریک نے مزید کہا کہ منیلا میں ہر مقابلہ کیلئے ہر میدان پر کم از کم 10 ہزار شائقین کی موجودگی ہمارا مقصد تھا جس کو ہم باآسانی حاصل کرچکے ہیں۔ فلپائنس کے مقام منیلا میں انٹرنیشنل پریمیئر ٹینس لیگ (آئی پی ٹی ایل) کا افتتاحی مرحلہ 28 تا 30 نومبر کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا ہے۔ آئی پی ٹی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایرک نے مزید کہا ہیکہ سنگاپور کے انڈور اسٹیڈیم میں منعقدہ مقابلوں کے 3 دن 10,400 نشستوں والے میدان عوام سے کھچاکھچ بھرے رہے اور اس پیش قیاسی کو مسترد نہیں کیا جاسکتا کہ آئی پی ٹی ایل دنیائے ٹینس کا ایک مقبول ترین ٹورنمنٹ بن جائے گا۔ 17 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپیئن راجر فیڈرر کی قیادت میں مقامی ٹیم انڈین ایسیس جس میں ثانیہ مرزا بھی شامل ہیں، ان مقابلوں کی ٹکٹیں پہلے ہی فروخت ہوچکی ہیں جبکہ دہلی کی عوام اپنے پسندیدہ بین الاقوامی اسٹار کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے بیتاب ہیں۔